منفی پروپیگنڈہ نوجوانوں کو گمراہ کر رہا ،اس کا تدارک نہایت ضروری ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان

پیر 22 ستمبر 2025 20:26

منفی پروپیگنڈہ نوجوانوں کو گمراہ کر رہا ،اس کا تدارک نہایت ضروری ہے، ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کسی صورت کمی نہیں، البتہ انہیں ہمیشہ مواقع کے فقدان کا سامنا رہا ہے ،ہماری حکومت نے نوجوانوں کی تعمیر و ترقی کے لیے صوبے کی پہلی یوتھ پالیسی متعارف کرائی ہے تاکہ انہیں تعلیم، ہنر اور روزگار کے بہترین مواقع فراہم کیے جا سکیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ سے بات چیت کے دوران کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں اور ہم انہیں منفی پروپیگنڈے سے بچانے کے لیے نیک نیتی سے کام کررہے ہیں سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلایا جانے والا منفی پروپیگنڈہ نوجوانوں کو گمراہ کر رہا ہے اس کا تدارک نہایت ضروری ہے نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ سچ اور جھوٹ میں فرق کرتے ہوئے ریاستی دشمنوں کے عزائم کو بے نقاب کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے خواتین کو بھی معاشی استحکام و ترقی کے بھرپور مواقع فراہم کرنے کے لیے صوبے کا پہلا وویمن انڈومنٹ فنڈ قائم کیا ہے کسی بھی معاشرے کی ترقی خواتین کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں اسی لیے پہلی مرتبہ صوبے میں خواتین کو کلیدی انتظامی عہدوں پر فائز کیا گیا ہے ۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ سرکاری محکموں میں غیر ضروری آسامیاں ختم کی جا رہی ہیں جبکہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں جامع اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں صرف ایک سال کے دوران 3200 غیر فعال اسکول فعال کیے جا چکے ہیں اور رواں سال دسمبر تک صوبے میں کوئی بھی غیر فعال اسکول باقی نہیں رہے گا اس کے ساتھ ساتھ 16 ہزار اساتذہ کی میرٹ پر تعیناتی مکمل کر لی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیر متوازن ترقی صرف بلوچستان کا نہیں بلکہ پورے ملک کا مسئلہ ہے، لیکن محرومیوں کو بنیاد بنا کر ریاست کے خلاف بندوق اٹھانا کسی صورت قابل قبول نہیں،ہماری حکومت بات چیت کے لیے ہمیشہ تیار ہے مگر بے گناہوں کے خون سے رنگے ہاتھ قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے ۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ نوجوانوں کو بلوچستان کی تاریخ سے آگاہ کرنا وقت کی ضرورت ہے تاکہ وہ اصل محرکات کو سمجھ سکیں اور حقیقت کو پرکھ کر فیصلہ کر سکیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ بلوچستان کی کوئی شاہراہ بند نہیں ہوگی، اور یہ وعدہ عملی اقدامات کے ذریعے پورا کر دکھایا ہے ۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ہمارا مقصد ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہے جہاں نوجوان تعلیم، ہنر اور روزگار کے مواقع کے ذریعے مثبت سمت میں آگے بڑھیں اور خواتین کی شمولیت کے ساتھ بلوچستان کو ترقی اور استحکام کی نئی منزلوں تک لے جایا جا سکے۔