Live Updates

عمران خان کی رہائی کا مقصد ملک میں رائج ہائبرڈ نظام سے بغاوت ہے

27 ستمبر جلسے کا عنوان ’ریلیز عمران خان‘ ہے، ہم سب نکلیں گے، ہمیں اس ملک میں ہائبرڈ نظام قبول نہیں، ملک میں جو ناجائز آپریشن ہو رہے ہیں ہمیں منظور نہیں۔ رہنماء پی ٹی آئی اسد قیصر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 22 ستمبر 2025 20:29

عمران خان کی رہائی کا مقصد ملک میں رائج ہائبرڈ نظام سے بغاوت ہے
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 22 ستمبر 2025ء ) سابق اسپیکر، مرکزی رہنماء پی ٹی آئی اسد قیصر نے کہا ہےکہ عمران خان کی رہائی کا مقصد ملک میں رائج ہائبرڈ نظام سے بغاوت ہے، 27 ستمبر کو ہم سب نکلیں گے، ہمیں اس ملک میں ہائبرڈ نظام قبول نہیں۔ انہوں نے ایکس پر اپنے ویڈیو میں بیان میں کہا کہ 27 ستمبر جلسے کا عنوان ہے ’’ ریلیز عمران خان ‘‘ ، اس جلسے کا مقصد خیبر پختونخوا میں آپریشن کو بند کرانا ہے۔

عمران خان چاہیں تو کل ہی رہا ہوسکتے ہیں، عمران خان دو تین چیزیں مان لیں تو کل ہی رہا ہو سکتے ہیں۔ عمران خان آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں۔ عمران خان صوبوں کے حقوق کی بات کرتے ہیں۔ عمران خان کہتے ہیں کہ جس صوبے یا علاقے میں قدرتی وسائل ہوں، سب سے پہلا حق اس پر اسی علاقے کا ہے۔

(جاری ہے)

ہمارا جلسہ حقوق کے لیے ہے، جو ہر پاکستانی کے بنیادی انسانی حقوق کی حفاظت کے لیے ہے۔

عمران خان کی رہائی کا مقصد ملک میں رائج ہائبرڈ نظام سے بغاوت ہے۔ ہم سب نکلیں گے اور کہیں گے کہ ہمیں اس ملک میں ہائبرڈ نظام قبول نہیں، اس ملک میں جو ناجائز آپریشن ہو رہے ہیں ہمیں منظور نہیں۔ خاص طور پر تیراہ کاجو واقعہ ہوا ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، ہم اپنے خیبر کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور جلسے میں بھی اس کا اظہارِ یکجہتی کریں گے۔

27 ستمبر کو پشاور میں جو جلسہ ہو رہا ہے یہ آپ سب عوام کا جلسہ ہے۔ تمام پاکستانیوں بالخصوص خیبر پختونخوا کے عوام سے کہتا ہوں کہ اپنے حقوق کے لیے نکلیں۔ 
دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں پی ٹی آئی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

پیر کے روز کیس کی سماعت کے دوران پی ٹی آئی رہنمائوں پرویز الٰہی، اسد عمر اور شبلی فراز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور کر لی گئیں۔ عدالت میں چوہدری پرویز الٰہی کی جانب سے ایڈووکیٹ سردار محمد رزاق پیش ہوئے جبکہ دیگر پی ٹی آئی رہنمائوں کی جانب سے سردار محمد مصروف خان، آمنہ علی اور دیگر وکلاء نے نمائندگی کی۔عدالت کو بتایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی سے متعلق وزارت قانون کو لکھے گئے خط کا جواب تاحال موصول نہیں ہوا۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنمائوں کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی میں مقدمہ درج ہے۔ عدالت نے سماعت 6 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات