نیویارک،جنرل اسمبلی کے گرد موبائل نیٹ ورک جام کرنے کا منصوبہ ناکام

منگل 23 ستمبر 2025 22:30

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2025ء)اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے قبل امریکی سیکرٹ سروس نے جنرل اسمبلی کے گرد موبائل فون نیٹ ورک جام کرنے کا منصوبہ ناکام بنادیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سیکرٹ سروس نے ٹیلی کمیونی کیشن ڈیوائسز سے لیس ایک ایسے نیٹ ورک کو پکڑنے کا دعویٰ کیا کہ جو نیو یارک شہر میں فون نیٹ ورک کو بند کرسکتا تھا۔

(جاری ہے)

ایک ایسے وقت میں جب نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر 100سے زائد عالمی رہنما اور وفود مین ہٹن میں موجود ہیں، یہ منصوبہ انتہائی خطرناک نتائج کا حامل ہوسکتا تھا۔امریکی سیکرٹ ایجنسی کے مطابق انہوں نے 300سے زیادہ سم سرورز اور ایک لاکھ سم کارڈز پر مشتمل ایسا نیٹ ورک پکڑا ہے، جو نیویارک، نیو جرسی اور کنیکٹیکٹ کے کچھ حصوں پر ٹیلی کام اٹیک کرسکتا تھا۔سیکرٹ سروس ایجنٹ میٹ میک کول کے مطابق پکڑا گیا نیٹ ورک نہ صرف موبائل فون ٹاورز کو غیر فعال کرنے بلکہ 12منٹ میں امریکا کی پوری آبادی کو برقی پیغامات بھیجنے اور ایمرجنسی سروسز کے مواصلاتی نظام کو معطل کرنے کی صلاحیت رکھتا تھا۔