گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ڈائریکٹر جنرل نادرا خیبرپختونخوا خالد عنایت اللہ کی ملاقات

بدھ 24 ستمبر 2025 22:54

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ڈائریکٹر جنرل نادرا خیبرپختونخوا ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2025ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ڈائریکٹر جنرل نادرا خیبرپختونخوا خالد عنایت اللہ نے بدھ کے روز گورنر ہائوس پشاور میں ملاقات کی۔گورنر ہائوس پشاور تر جمان کے مطابق ملاقات میں ضلع ڈی آئی خان کے علاقہ کڑی خیسور میں نادرا سنٹر کے قیام سے متعلق پیش رفت پر تفصیلی گفتگو ہوئی، جس پر ڈائریکٹر جنرل نادرا نے گورنر خیبرپختونخوا کو بتایا کہ کڑی خیسور میں نادرا سنٹر کے قیام کے تمام مراحل مکمل ہو چکے ہیں اور اسکا رواں ہفتہ 28 ستمبر کو افتتاح کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مزید برآں ملاقات میں صوبہ کے جنوبی اضلاع کے پسماندہ علاقوں میں مزید پانچ نادرا سنٹرز کے قیام سے متعلق بھی گفتگو ہوئی اور اس حوالے سے پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں ادارے کی کارکردگی اور صوبے کے عوام کو شناختی کارڈ کے حصول میں سہولت فراہم کرنے سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ ڈی آئی خان صوبہ کا سب سے دور دراز ضلع ہے، ڈی آئی خان میں کڑی خیسور کے مقام پر نادرا سنٹر کے قیام سے شہر سے دور دیہی آبادی کو شناختی کارڈز کے اجراء، تجدید، بچوں کی پیدائش کے اندراج سمیت دیگر ادارہ جاتی خدمات سے متعلق سہولیات حاصل ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ انکی پوری کوشش ہے کہ ڈی آئی خان سمیت صوبہ بھر کے عوام کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔