Live Updates

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف سے پاک سوزوکی کے منیجنگ ڈائریکٹر ہیرو شی کاوا مورا کی ملاقات

بدھ 24 ستمبر 2025 23:07

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف سے پاک سوزوکی کے منیجنگ ڈائریکٹر ہیرو شی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2025ء)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے پاک سوزوکی کے منیجنگ ڈائریکٹر ہیرو شی کاوا مورا نے ملاقات کی۔ پاک سوزوکی کے منیجنگ ڈائریکٹر ہیرو شی کاوا مورا نے سیلاب زدگان کے لئے 30 ملین روپے کا چیک پیش کیا ۔ پاک سوزوکی کے جنرل منیجر اخلاق احمد ورک، سید وجاہت اور محمد ذیشان بھی وفد میں شامل تھے۔

پاک سوزوکی کے اعلی سطح وفد نے سیلاب زدگان کے لئے ریسکیو اور ریلیف آپریشن کو سراہا ۔ پاک سوزوکی وفد نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف اور انکی ٹیم کی شب و روز محنت کو قابل تحسین قرار دیا ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب نے تاریخ کے سب سے بڑے اور بد ترین سیلاب کا پامردی سے سامنا کیا۔ پنجاب میں بروقت انخلا اور ریسکیو ریلیف آپریشن سے لاکھوں جانیں بچانا ممکن ہوا۔

(جاری ہے)

پنجاب میں نہ صرف انسانوں بلکہ22 لاکھ مویشیوں کی جان بھی بچائی گئی۔تھرمل کیمرے اور دیگر جدید ٹیکنالوجی سے سیلاب متاثرین تک رسائی اور انخلا ممکن ہوا۔ آئندہ سیلاب کے آمد سے قبل ہی حفاظتی انتظامات یقینی بنانا چاہتے ہیں۔ پاک سوزوکی کے منیجنگ ڈائریکٹر ہیروشی کاوامورا نے کہا کہ پنجاب کی لیڈر شپ نے سیلاب متاثرین کے لئے مثالی خدمات سر انجام دیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی پوری ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور یہ کامیابی صرف مریم نواز شریف شاندار قیادت کی وجہ سے ممکن ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف جس طرح ٹیم کو لیڈ کرتی ہیں وہ سیلاب کے علاوہ بھی عام دنوں میں نظر آتا ہے۔ ہیروشی کاوامورا نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جو اقدامات کیے باقی صوبوں میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات