Live Updates

پی ڈی ایم اور نگران حکومت نے خیبرپختونخوا کو معاشی لحاظ سے مفلوج اور ڈیفالٹر صوبہ بنا دیا تھا،شفقت آیاز

بدھ 24 ستمبر 2025 19:20

پی ڈی ایم اور نگران حکومت نے خیبرپختونخوا کو معاشی لحاظ سے مفلوج اور ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2025ء)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اور نگران حکومت نے خیبرپختونخوا کو معاشی لحاظ سے مفلوج اور ڈیفالٹر صوبہ بنا دیا تھا،حالات یہاں تک پہنچ گئے تھے کہ صوبائی حکومت کے پاس سرکاری ملازمین کو ایک مہینے کی تنخواہ دینے کے لیے بھی وسائل موجود نہیں تھے،ترقیاتی منصوبے جمود کا شکار تھے،ہسپتالوں،سکولوں اور دیگر عوامی سہولیات کے منصوبے رکے ہوئے تھے، اور عام آدمی شدید مایوسی کا شکار تھا، یہ وہ وقت تھا جب عوام کے اعتماد کو شدید دھچکا پہنچا۔

ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ الحمدللہ آج صورتحال یکسر بدل چکی ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے اقتدار سنبھالتے ہی معیشت کی بحالی کو اولین ترجیح بنایا۔

(جاری ہے)

کرپشن کے خاتمے، مالی نظم و ضبط کی بحالی، محصولات کے نئے ذرائع متعارف کرانے، غیرضروری اخراجات میں کمی اور شفاف طرز حکمرانی کے نتیجے میں صوبہ ایک مستحکم اور مضبوط معیشت کی طرف گامزن ہے۔

آج خیبرپختونخوا کے پاس نہ صرف اپنے ملازمین کو بروقت تنخواہیں دینے کے وسائل ہیں بلکہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے خاطر خواہ بجٹ بھی دستیاب ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں صوبہ اکثر وفاق یا بیرونی اداروں کی طرف دیکھتا تھا کہ کب ریلیف اور وسائل فراہم ہوں گے۔ لیکن آج الحمدللہ صورتحال بدل گئی ہے۔ صوبائی حکومت نے اپنی مالی اور انتظامی صلاحیت کے ذریعے متاثرہ علاقوں کو ریلیف فراہم کیا، انفراسٹرکچر کی بحالی شروع کی اور متاثرین کو فوری امداد پہنچائی۔

ہم نے کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلائے بلکہ اپنے وسائل پر انحصار کرتے ہوئے عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہوئے۔ یہ وہ اعتماد ہے جو موجودہ حکومت نے صوبے میں بحال کیا ہے۔ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین خان گنڈاپور نے مشکل حالات میں بھی ہمت، عزم اور وژن کے ساتھ صوبے کی قیادت کی۔ آج خیبرپختونخوا ایک بار پھر ترقیاتی ایجنڈے کی طرف بڑھ رہا ہے۔

توانائی کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے تاکہ صوبہ اپنی ضرورت پوری کرنے کے ساتھ ساتھ بجلی نیشنل گرڈ کو بھی فراہم کر سکے۔ تعلیم کے شعبے میں ڈیجیٹل لٹریسی، ای-بستہ پروگرام، اور نوجوانوں کے لیے جدید ہنر سیکھنے کے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں۔ صحت کے شعبے میںہسپتالوں کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے اور دیہی علاقوں تک صحت کی سہولت پہنچانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ تمام اقدامات چئرمین عمران خان کے وژن کا حصہ ہیں۔ عمران خان کا ہمیشہ یہ مؤقف رہا ہے کہ پاکستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے، اداروں کو مضبوط بنانا ہے، اور نوجوانوں کو تعلیم اور ہنر کے میدان میں دنیا کے برابر لانا ہے۔ وزیراعلیٰ علی امین خان گنڈاپور اسی وژن کو عملی شکل دے رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ آج صوبے کے نوجوان مایوسی کے بجائے امید اور ترقی کی بات کر رہے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات