ملتان، خواتین یونیورسٹی میں سروائیکل کینسر بارے سیمینار کا انعقاد کیا گیا

بدھ 24 ستمبر 2025 16:28

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2025ء) خواتین یونیورسٹی میں خواتین کے سروائیکل کینسر سے آگاہی اور اس کی ویکسینیشن کے حوالے سے سیمینار منعقد کیاگیا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کہا کہ عالمی ادارۂ صحت اور طبی ماہرین کے مطابق سروائیکل کینسر کی ایک بڑی وجہ ایچ پی سی وائرس ہے، جس سے بچاؤ کے لیے ویکسین مؤثر ذریعہ ہے، یہ ویکسین دنیا کے 144 ممالک میں کامیابی کے ساتھ استعمال ہو رہی ہے اور اس سے متاثرہ خواتین کی شرح میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، اساتذہ اس سلسلے میں شعور ی مہم چلائیں ، طالبات ان کے والدین کو صحت و صفائی اور بروقت طبی معائنے کی اہمیت سے آگاہ کریں، کسی بھی قسم کی فیک یا غیر سائنسی معلومات پر اعتماد نہ کریں اور نہ ہی انہیں طلبہ یا والدین تک منتقل کریں، اگر کسی کے اس موضوع پر سوالات ہوں تو انہیں ماہرینِ صحت یا منظور شدہ مواد کی طرف رجوع کروائیں، طالبات کو یہ سمجھایا جائے کہ یہ ویکسین ایک احتیاطی اقدام ہے، جس سے مستقبل میں بیماری کے خطرات کم کیے جا سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز کے ڈاکٹر ثوبان ضیا ،ڈاکٹر تیمور یونیسف کے نمائندے محمد وقاص اوردیگر نے کہا کہ اس مہم کا مقصد معاشرے میں صحت سے متعلق مثبت رویے کو فروغ دینا اور خواتین و طالبات کی حفاظت یقینی بنانا ہے، غیر ضروری منفی پراپیگنڈا اس نیک مقصد میں رکاوٹ بنتا ہے، ابتدائی مراحل میں، سروائیکل کینسر اکثر نمایاں علامات ظاہر نہیں کرتا، یہی وجہ ہے کہ جلد پتہ لگانے کے لیے باقاعدہ اسکریننگ ضروری ہے تاہم جیسے جیسے کینسر بڑھتا ہے، بعض علامات پیدا ہو سکتی ہیں، جو اس بیماری کی موجودگی کی نشاندہی کرتی ہیں، بروقت طبی امداد حاصل کرنے کے لیے ان علامات اور ان کی ترقی کو سمجھنا بہت ضروری ہے ۔

شعبہ سوشیالوجی کی انچارج مدیحہ اکرم اور فوکل پرسن گلشن آرا نے کہا کہ اس سیمینار کا بنیادی مقصد سروائیکل کینسر کی روک تھام اور جلد پتہ لگانے کے بارے میں آگاہی پھیلانا ہے، ایک مؤثر حفاظتی اقدام کے طور پر ویکسینیشن کی اہمیت سے آگاہی دینا ہے جس کی مثبت اثرات سامنے آئیں گے۔

متعلقہ عنوان :