شیرانی میں فتنہ الخوارج کے خلاف بروقت اور مؤثر کارروائی بلوچستان میں امن و امان کے قیام کی روشن دلیل ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان

جمعہ 3 اکتوبر 2025 19:55

شیرانی میں فتنہ الخوارج کے خلاف بروقت اور مؤثر کارروائی بلوچستان میں ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اکتوبر2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع شیرانی میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو زبردست الفاظ میں سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بروقت اور مؤثر کارروائی بلوچستان میں امن و امان کے قیام کی روشن دلیل ہے اور اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ہماری فورسز ہر چیلنج کا بھرپور مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں ۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان دشمن نیٹ ورکس اور بھارتی پراکسیز کو ناکام بنانا سکیورٹی فورسز کی شاندار صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ فورسز کی بہادری اور قربانیاں نہ صرف صوبے کے عوام کے لیے اعتماد اور حوصلے کا ذریعہ ہیں بلکہ دہشت گردی کے خاتمے کے قومی عزم کو بھی مزید مضبوط کرتی ہیں ۔

(جاری ہے)

سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بطور وزیر اعلیٰ ہی نہیں بلکہ بطور اس دھرتی کے بیٹے کے، مجھے اپنے بہادر جوانوں پر بے حد فخر ہے جو ہر مشکل لمحے میں وطن کے دفاع کے لیے سینہ سپر ہوتے ہیں۔

ہمارے جوانوں کی بہادری ہی ہمیں نئی ہمت اور یقین عطا کرتی ہے اور انہی کی قربانیوں کے باعث بلوچستان امن و ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں امن و ترقی کے سفر کو کوئی دشمن طاقت سبوتاژ نہیں کر سکتی اور حکومت صوبے کے عوام کے تحفظ اور خوشحالی کے لیے سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔