یوسف رضا گیلانی کی ملا ئیشیا کی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں کے سپیکر اور سینیٹ کے صدر کو بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس میں شرکت کی دعوت

جمعہ 3 اکتوبر 2025 19:59

یوسف رضا گیلانی کی ملا ئیشیا کی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں کے سپیکر اور ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اکتوبر2025ء)قائم مقام صدر اور بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس (آئی ایس سی) کے بانی چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی نے ملائیشیا کی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں کے سپیکر تان سری داتو ڈاکٹر جوہری عبدل اور سینیٹ دیوان نیگرا کے صدر داتوک آوانگ بیمی آوانگ علی بساہ سے ٹیلی فون پر الگ الگ بات چیت کی۔

(جاری ہے)

جمعہ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق سید یوسف رضا گیلانی نے دونوں رہنمائوں کو اس سال 10 سے 12 نومبر تک اسلام آباد میں سینیٹ آف پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ قائم مقام صدر نے بات چیت کے دوران علاقائی امن، افہام و تفہیم اور تعاون کو فروغ دینے میں پارلیمانی سفارت کاری کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ ملائیشیا کی ثابت قدم دوستی اور بین الپارلیمانی تعلقات کو فروغ دینے میں اس کے تعمیری کردار کو سراہا۔ ملائیشیا کے دونوں رہنمائوں نے دعوت کا خیرمقدم کیا اور پاکستان اور ملائیشیا کی پارلیمانوں کے درمیان تعاون کو مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔