ایران ،ر روس کے چھوٹے جوہری ری ایکٹرز کی تعمیر بارے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

جمعرات 25 ستمبر 2025 17:08

تہران/ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2025ء)ایران اور روس نے چھوٹے ماڈیولر جوہری ری ایکٹرز کی تعمیر سے متعلق ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایٹمی توانائی کے ایرانی ادارے کے سربراہ محمد اسلامی اور روسی ریاستی جوہری توانائی کارپوریشن روس ایٹم کے سربراہ الیکسی لیخاچیوف نے ماسکو میں یادداشت پر دستخط کئے ۔

(جاری ہے)

اس مفاہمتی یادداشت کا مقصد ایٹمی توانائی کے پرامن استعمال میں تعاون کو فروغ دینا، پائیدار ترقی کو یقینی بنانا، توانائی کی سلامتی کو مضبوط کرنا اور جدید ٹیکنالوجی کو آگے بڑھانا ہے جو دونوں ممالک کے قوانین اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کے مطابق ہو گا۔معاہدے کے تحت دونوں ممالک مستقبل میں چھوٹے جوہری بجلی گھروں کے ڈیزائن اور تعمیر سے متعلق باضابطہ معاہدوں پر بھی دستخط کریں گے۔