اگرفٹبال ورلڈکپ کیلئے کوئی شہر غیر محفوظ لگا تو میچز دوسری جگہ منتقل کردینگے، ٹرمپ

جمعہ 26 ستمبر 2025 20:25

اگرفٹبال ورلڈکپ کیلئے کوئی شہر غیر محفوظ لگا تو میچز دوسری جگہ منتقل ..
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2025ء)امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر انہیں لگا کہ فٹبال ورلڈ کپ کے لیے امریکا کا کوئی شہر محفوظ نہیں تو وہ میچز دوسرے شہر منتقل کردیں گے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق 25 ستمبر کو وائٹ ہاوس میں گفتگو کے دوران جب صحافیوں نے صدر ٹرمپ سے فٹبال ورلڈکپ کے میچز کی سکیورٹی سے متعلق پوچھا تو امریکی صدر نے جواب دیا اگر انہیں لگا فٹبال ورلڈکپ کے لیے امریکا کا کوئی شہر محفوظ نہیں تو وہ میچز دوسرے شہر منتقل کردیں گے۔

(جاری ہے)

صحافیوں کی جانب سے خصوصی طور پر امریکی شہروں سان فرانسسکو اور سیٹل سے متعلق سوال پر ٹرمپ نے کہا کہ ہم یقینی بنائیں گے کہ وہ محفوظ ہوں تاہم اگر ہمارے خیال میں کوئی بھی شہر ورلڈکپ کے لیے تھوڑا سا بھی غیر محفوظ ہو گا تو ہم وہاں میچ کی اجازت نہیں دینگے اور کسی اور شہر منتقل کردیں گے۔ واضح رہے کہ فیفا ورلڈکپ سال 2026 میں کھیلا جائے گا جب کہ امریکا، کینیڈا اور میکسیکو فٹبال ورلڈکپ کی مشترکہ میزبانی کریں گے۔ فیفا ورلڈکپ 2026 کے شیڈول کے مطابق امریکی شہروں سان فرانسسکو اور سیٹل میں 6،6 میچز کھیلے جائیں گے، یہ شہر ان ریاستوں کا حصہ ہیں جن میں ٹرمپ کی مخالف جماعت ڈیموکریٹس کی حکومت ہے۔