بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں 103ویں سلیکشن بورڈ کا اجلاس، مختلف ڈیپارٹمنٹ سے متعلق اہم معاملات پر غور کیا گیا

جمعہ 26 ستمبر 2025 19:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد (آئی آئی یو آئی) میں 103ویں سلیکشن بورڈ کا دو روزہ اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت جامعہ کے صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے کی۔ بورڈ کے سیکرٹری کے فرائض وائس پریزیڈنٹ (ریسرچ اینڈ انٹرپرائز) پروفیسر ڈاکٹر احمد شجاع سید نے انجام دیئے۔

اجلاس میں ممتاز علمی و عدالتی شخصیات نے شرکت کی جن میں معزز جسٹس سید محمد انور (سینئر عالم جج فیڈرل شریعت کورٹ)، پروفیسر ڈاکٹر سعدیہ ندیم (ڈین، فاسٹ اسکول آف مینجمنٹ)، پروفیسر ڈاکٹر جمیل احمد (عبدالولی خان یونیورسٹی مردان) اور پروفیسر ڈاکٹر تصور حیات (ڈین فیکلٹی آف نیچرل سائنسز، قائداعظم یونیورسٹی) شامل تھے۔سلیکشن بورڈ کے اجلاس میں شریعہ و قانون فیکلٹی، اسلامی فنون و تعمیرات اور انگلش ڈیپارٹمنٹ سے متعلق اہم معاملات پر غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صدر جامعہ نے کہا کہ جامعہ کی نئی اسٹرٹیجک پلان کے تحت علمی ترقی اور معیار کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور زیر التواء سلیکشن بورڈز کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔انہوں نے شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ سیکرٹری بورڈ پروفیسر ڈاکٹر احمد شجاع سید نے ڈائریکٹر کیو اے ڈی پروفیسر ڈاکٹر رحمت الٰہی اور ڈائریکٹر ایچ آر عتیق الرحمن چغتائی کی خدمات کو سراہا جن کی محنت سے اجلاس کامیابی سے مکمل ہوا۔ انہوں نے متعلقہ فیکلٹیوں کے ڈینز، چیئرپرسنز اور دیگر ماہرین تعلیم کا بھی شکریہ ادا کیا۔مزید برآں کیو اے ڈی، ایچ آر ، میٹنگ سیکشن اور پروٹوکول و تعلقات عامہ کے افسران کی معاونت کو بھی سراہا گیا۔