چیف آف نیول سٹاف ہاکی ٹورنامنٹ ، ماڑی انرجیز، ائیر فورس ،کسٹم کی ٹیموں نے اپنے میچز جیت لیے

جمعہ 26 ستمبر 2025 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) چیف آف نیول سٹاف ہاکی ٹورنامنٹ کے دوسرے روز ماڑی انرجیز، ائیر فورس اور کسٹم نے اپنے میچز جیت لیے ۔نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں جاری ٹورنامنٹ کے دوسرے روز کے پہلے میچ میں ماڑی انرجیز نے آرمی کو دو کے مقابلے میں چھ گول سے شکست دی، فاتح ٹیم کے محمد سفیان نے دو جبکہ فراز حکیم، وسیم اکرم ،ارشد لیاقت اور علی رضا نے ایک ایک گول سکور کیا۔

(جاری ہے)

آرمی کی طرف سے اویس اللہ اور شہباز نے ایک ایک گول سکور کیا۔ دوسرے میچ میں ائیر فورس نے رینجرز کو دو کے مقابلے میں چار گول سے شکست دیدی۔ ائیر فورس کے رضوان علی نے تین اور یاسر علی نے ایک گول سکورکیا۔رینجرز کے احمر علی نے دو گول سکور کیے۔ دن کے تیسرے میچ میں کسٹم نے نیشنل بینک کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی۔کسٹم کی طرف سے بلال اسلم ، محمد احمد اور محمد عماد نے ایک ایک گول کیا جبکہ نیشنل بینک کے دلبر حسین اور فیضان نے ایک ایک گول سکور کیا۔ ٹورنامنٹ کے تیسرے روز دو میچز کھیلے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :