Live Updates

سیالکوٹ، دھان کے کاشتکاروں کو فالس سمٹ آف رائس کے حملے کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

ہفتہ 27 ستمبر 2025 12:55

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2025ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت (پلانٹ پروٹیکشن) پسرور شعیب رسول نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث ہوا میں نمی کا تناسب غیر معمولی طور پر بڑھ گیا ہے اور درجہ حرارت میں اضافہ ہونے کے باعث پھپھوندی سے پیدا ہونے والی بیماریاں تیزی سے پھیل رہی ہیں۔ ان بیماریوں میں پتوں کے بھورے دھبے، بلاسٹ، غلافی جھلساؤ، سٹیم راٹ اور خصوصاً فالس سمٹ آف رائس شامل ہیں۔

ہفتےکو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ فالس سمٹ کا حملہ پسرور کے علاقوں سوکن ونڈ، بی بی بڈھیار، صابو بڈھیار، دادو باجوہ، بڈیانہ اور کنگرہ میں مشاہدہ میں آیا ہے جو دن بدن شدت اختیار کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلابی صورتحال اور زیادہ بارشوں کے باعث فصلیں کمزور ہو چکی ہیں اور اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو بیماریوں سے نقصان بڑھ سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر اپنی فصل کا معائنہ کریں اور جہاں ممکن ہو کھیتوں سے پانی کا نکاس کریں۔ فصل پر پھپھوند کش ادویات کے ساتھ امائنو ایسڈ کا سپرے کریں تاکہ فصل دباؤ سے نکل سکے جبکہ گوبھ کی حالت والی فصل پر پوٹاش کھاد کا استعمال کریں تاکہ قوت مدافعت میں اضافہ ہو۔فالس سمٹ کے موثر تدارک کے لئے کاشتکاروں کو ایزوکسی سٹروبن، ڈائ فینوکوناذول اور پروپی کوناذول کے سپرے ایک ہفتے کے وقفے سے دو بار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ فصل میں بیماری کے خلاف مدافعت پیدا ہو۔ انہوں نے کہا کہ فالس سمٹ ایک بیج اور ہوا سے پھیلنے والی بیماری ہے اور اس کا واحد حل بروقت حفاظتی سپرے ہے کیونکہ حملہ ہونے کے بعد اسے ختم کرنا نا ممکن ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات