شراب و اسلحہ برآمدگی کیس: علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری برقرار

ہفتہ 27 ستمبر 2025 20:19

شراب و اسلحہ برآمدگی کیس: علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری برقرار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 ستمبر2025ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے خلاف شراب اور اسلحہ برآمدگی کیس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے ان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھے ہیں۔ جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے کیس کی سماعت کی، تاہم علی امین گنڈا پور عدالت میں پیش نہ ہوئے۔عدالت نے آئندہ سماعت کے لیے 4 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی ہے، جب کیس کی مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ علی امین گنڈا پور کے خلاف یہ مقدمہ تھانہ بارہ کہو میں درج ہے، جس میں ان پر شراب اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔عدالتی کارروائی کے دوران علی امین گنڈا پور کی غیر حاضری پر وکیل صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ موکل مصروفیات کے باعث پیش نہیں ہو سکے، تاہم عدالت نے ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھنے کا حکم دیا۔کیس کی آئندہ سماعت میں علی امین گنڈا پور کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔