Live Updates

آج کا جلسہ عمران خان کو مائنس کرنے کا خواب دیکھنے والوں کے منہ پر طمانچہ ہے

مخالفین جلسے پر منفی پروپیگنڈہ کی بجائے حقیقت کا سامنا کریں، آج نوجوانوں کا جذبہ دیکھ کر مخالفین کی ٹانگیں کانپنا شروع ہوگئی ہیں، مشیر اطلاعات خیبرپختونخواہ بیرسٹر سیف کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 27 ستمبر 2025 19:45

آج کا جلسہ عمران خان کو مائنس کرنے کا خواب دیکھنے والوں کے منہ پر طمانچہ ..
پشاور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے۔ 27 ستمبر 2025ء ) مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ آج کا جلسہ عمران خان کو مائنس کرنے کا خواب دیکھنے والوں کے منہ پر طمانچہ ہے، مخالفین جلسے پر منفی پروپیگنڈہ کی بجائے حقیقت کا سامنا کریں۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان کی ہدایت پر آج عظیم الشان جلسے کے لئے تمام تر تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں، آج کا جلسہ مائنس عمران خان کا خواب دیکھنے والوں کے منہ پر طمانچہ ثابت ہوگا، مخالفین جلسے کے بارے میں منفی پروپیگنڈہ کرکے دل بہلانے سے گریز کریں اور حقیقت کا سامنا کریں، آج کا جلسہ حقیقی آزادی کی تحریک کی جانب ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا، خیبر پختونخوا سمیت پورے ملک سے نوجوان بڑھ چڑھ کر جلسے میں حصہ لے رہے ہیں، نوجوانوں کا جذبہ دیکھ کر مخالفین کی ٹانگیں پہلے سے کانپنا شروع ہوگئی ہیں،وزیراعلیٰ ‎علی امین خان گنڈاپور نے کل خود جلسہ گاہ کا معائنہ کیا، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے پہنچنے پر جلسہ گاہ کا منظر پہلے ہی سے جلسہ میں بدل گیا، مخالفین دل تھام کے رکھیں، آج کے جلسے سے ان کے ہوش اڑنے والے ہیں،جعلی حکومتیں ابھی سے جعلی تصاویر تیار کرکے دل بہلانے کا کام شروع کریں۔

(جاری ہے)

مزید برآں رہنماء پی ٹی آئی شاندانہ گلزار نے پشاور جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان 27 وی رمضان کو اس لیے نہیں بنا تھا کہ مریم اور بلاول مزے کرے اور باقی قوم تباہ ہو جائے معدنیات کے پیچھے پاکستان برباد کر دیا ہے خیبر میں دھماکے بلوچستان میں تباہی پنجاب ڈوب گیا، پنجاب کی جعلی وزیراعلی صرف ٹک ٹاک بناتی ہے ۔ جلسے سے قبل چیف ٹریفک آفیسر پشاورہارون رشید خان نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، انہوں نے پی ٹی آئی جلسے کے لیے تشکیل کردہ ٹریفک پلان کا جائزہ لیا۔

انہوں نے ڈائیورژن پلان کو چیک کیا جبکہ ٹریفک نظام کا بھی جائزہ لیا، چیف ٹریفک آفیسرنے ٹریفک افسران اوراہلکاروں کو شہرمیں بلا تعطل ٹریفک کی روانی یقینی بنانے اور شہرمیں کسی بھی جگہ رش نہ بننے کی ہدایات جاری کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات