ی*نوجوان نسل کو بہتر تعلیمی سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، ڈپٹی کمشنر سبی

ہفتہ 27 ستمبر 2025 20:00

Aسبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر سبی میجر (ر)الیاس کبزئی نے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول ریلوے کالونی میں آئی ٹی لیب اور سولرائزیشن کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سبی منصور علی شاہ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر طارق الماس، فوکل پرسن ورلڈ بینک پروجیکٹ سعید احمد سیلاچی، اسکول کی پرنسپل اور اساتذہ بھی موجود تھے۔

اسکول انتظامیہ اور طالبات نے ڈپٹی کمشنر کا شاندار استقبال کیا، ننھی طالبات نے پھول نچھاور کیے اور گلدستے پیش کیے۔ ڈپٹی کمشنر نے ننھی طالبہ کے ہاتھوں آئی ٹی لیب کا افتتاح کروایا۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے مختلف کلاسوں کا معائنہ کیا، طالبات سے تدریسی سوالات کیے اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔ایک موقع پر طالبات نے کمپیوٹر سیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا، جس پر ڈپٹی کمشنر نے فوری طور پر متعلقہ استاد کو کلاسز شروع کرنے کی ہدایت دی، جس پر طالبات نے خوشی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

اسکول کی پرنسپل نے ڈیسک، کرسیاں، اضافی کمرے اور واش رومز کی تعمیر سمیت بعض مرمتی کاموں کی سفارش کی جس پر ڈپٹی کمشنر نے یقین دلایا کہ اسکول کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے تعلیم کے فروغ اور طلبہ کے روشن مستقبل کے لیے ضلعی انتظامیہ کی بھرپور محنت اور عزم کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو بہتر تعلیمی سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے اسکول کی صفائی ستھرائی، نظم و ضبط اور طالبات کی تعلیمی لگن کو سراہتے ہوئے اپنے تاثرات بھی قلم بند کیے انہوں نے مزید کہا کہ یہ ادارہ نہ صرف انتظامیہ کی سنجیدگی کا مظہر ہے بلکہ یہاں کی بچیاں ہماری امید اور مستقبل کی رہنما ہیں۔ واضح رہے کہ ورلڈ بینک اسپائر پروجیکٹ کے تحت اسکول کو آئی ٹی لیب، سمارٹ ایل ای ڈی ٹی وی، نصابی کتب اور اسٹیشنری فراہم کی گئی ہے جبکہ آئی ٹی لیب اور اسکول کی عمارت کو مکمل طور پر سولرائز بھی کیا گیا ہی