جیکب آباد کی مرکزی شاہراہیں کھنڈرات کا منظر پیش کرنے لگیں، شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات

اتوار 28 ستمبر 2025 19:25

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2025ء) جیکب آباد کی مرکزی شاہراہیں کھنڈرات کا منظر پیش کرنے لگیں، شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد شہر کی مرکزی شاہراہیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے کے باعث عوام کو شدید پریشانی کا سامنا ہے کوئٹہ روڈ، قائداعظم روڈ، اولڈ میونسپل روڈ، شاہی بازار روڈ، آدم خان پہنور روڈ اور جمس اسپتال روڈ سمیت شہر کی بیشتر اہم شاہراہیں گڑھوں اور کھڈوں میں تبدیل ہوچکی ہیں جگہ جگہ ٹوٹے ہوئی شاہراہیں اور کھلے گڑھے نہ صرف ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں بلکہ حادثات کے خطرات میں بھی اضافہ کر رہے ہیں، عوامی حلقوں نے الزام عائد کیا ہے کہ سڑکوں کی مرمت و تعمیر کے لیے ہر سال کروڑوں روپے کے فنڈز مختص کیے جاتے ہیں لیکن کرپشن اور بدانتظامی کے باعث یہ فنڈز ہڑپ کر لیے جاتے ہیں اور زمین پر کوئی کام نظر نہیں آتا شہریوں نے کہا کہ منتخب نمائندے صرف دعوے اور اعلانات کرتے ہیں لیکن عملی طور پر کسی نے بھی مسائل کے حل کے لیے قدم نہیں اٹھایا، شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کرپشن کے معاملات کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور فوری طور پر شہر کی سڑکوں اور گلیوں کی مرمت کرکے عوام کی مشکلات کو کم کیا جائے ۔