سرگودھا،سگریٹ نوشی ترک کرنے کے موضوع پر آگاہی پروگرام کا انعقاد

اتوار 28 ستمبر 2025 20:50

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2025ء) آلٹرنیٹو ریسرچ انیشی ایٹو (ARI) کے زیرِاہتمام سگریٹ نوشی کے مضر اثرات اور اس کے انسداد کے موضوع پر سرگودھا میں مقامی ہوٹل میں آگاہی پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔پروگرام کے مہمانِ خصوصی رکن مجلسِ عاملہ جماعتِ اسلامی میاں محمد اویس قاسم تلہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ تمباکو نوشی ہماری زندگی کی قاتل ہے، جب والدین اس عادت میں مبتلا ہوں تو اولاد بھی اس کے زیرِ اثر آنے لگتی ہے، لہٰذا ہمیں اپنے عمل سے نہ صرف اپنی اولاد بلکہ پورے معاشرے کی اصلاح کرنی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دینِ اسلام بھی انسانی صحت اور جان کے ضیاع کا باعث بننے والی ہر چیز کی سختی سے ممانعت کرتا ہے۔

(جاری ہے)

پروگرام کے کوآرڈینیٹر محمد ناصر گورائیہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ جو شخص آپ کو سگریٹ، گٹکا یا ماوا جیسی مضر عادات کی طرف مائل کرے وہ آپ کا خیرخواہ نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے اس پروگرام کا مقصد یہ عہد تازہ کرنا ہے کہ ہم سگریٹ نوشی کو ہمیشہ کے لیے خیرباد کہہ دیں اور اس کے بجائے اللہ تعالیٰ کی پیدا کردہ نعمتوں مثلاً پھلوں کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔شرکاء نے اس موقع پر سگریٹ نوشی ترک کرنے کا پختہ عزم ظاہر کیا ۔ پروگرام کے اختتام پر اجتماعی دعا کروائی گئی۔

متعلقہ عنوان :