پاکستان انسداد پولیو پروگرام کا احسان آباد سندھ میں پیش آنے والے واقعے پر اظہار افسوس

جمعہ 10 اکتوبر 2025 15:22

پاکستان انسداد پولیو پروگرام کا احسان آباد سندھ میں  پیش آنے والے  واقعے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام (پی ای آئی ) نے احسان آباد، سندھ میں جمعرات، 9 اکتوبر کی صبح پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، جس میں رحمان اللہ جاں بحق ہوئے۔ پروگرام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس سانحے پر مرحوم کے اہلِ خانہ، دوستوں اور ساتھیوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا جاتا ہے۔

بیان میں وضاحت کی گئی ہے کہ اس وقت ملک میں کوئی پولیو ویکسینیشن مہم جاری نہیں ہے اور اگلی قومی مہم پیر 13 اکتوبر سے شروع ہوگی۔ واقعے میں جاں بحق ہونے والا شخص پولیو ورکر نہیں تھا اور یہ واقعہ پولیو پروگرام کے کسی پہلو سے منسلک نہیں۔ تاہم، پروگرام نے اُن تمام فرنٹ لائن ورکرز کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا ہے جو عزم و حوصلے کے ساتھ اپنی کمیونٹیز کی خدمت کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام نے کہا کہ وہ میڈیا کے ساتھ قریبی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے تاکہ درست، مصدقہ اور ذمہ دارانہ معلومات عوام تک پہنچائی جا سکیں۔ اس اشتراک سے غلط فہمیوں کے ازالے اور عوام و پولیو ورکرز کے اعتماد کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام کی جانب سے اس ظالمانہ فعل کی سخت مذمت کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک بھر میں بچوں کی صحت کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے تمام پولیو ورکرز کے تحفظ اور فلاح کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔