اوورسیزپاکستانیوں کو شناختی و رجسٹریشن سہولیات کی فراہمی، نادرا نے کینیڈا، اٹلی، بحرین، اردن میں کاؤنٹرز فعال کردیے

جمعہ 10 اکتوبر 2025 17:20

اوورسیزپاکستانیوں کو شناختی و رجسٹریشن سہولیات کی فراہمی، نادرا نے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو خدمات کی فراہمی کو مزید بہتر بنانے کے لیے دنیا کے مختلف ممالک میں اپنے نئے رجسٹریشن کاؤنٹرز فعال کر دیے ہیں۔ یہ اقدام حکومتِ پاکستان کے اس وژن کی عملی تعبیر ہے جس کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں کو سہولیات کی فراہمی میں بہتری لانا اور انہیں وطن سے مضبوط تر جوڑ فراہم کرنا ہے۔

نادرا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کینیڈا کے دو بڑے شہروں مونٹریال اور وینکوور، اٹلی کے شہر میلان، مناما (بحرین) اور عمان (اردن) میں نادرا کے کاؤنٹرز فعال کر دیے گئے ہیں، جہاں پاکستانی شہری شناختی و رجسٹریشن سے متعلق خدمات حاصل کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

نادرا نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ اٹلی کے دارالحکومت روم میں بھی جلد نیا کاؤنٹر قائم کیا جائے گا، جس پر پیش رفت جاری ہے۔

یہ اقدام اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومتِ پاکستان اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مشکلات کو بخوبی سمجھتی ہے اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ نادرا کی خدمات اب نہ صرف وطنِ عزیز میں بلکہ دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں کی دہلیز تک پہنچ رہی ہیں۔ نئی سہولیات کے ذریعے بیرونِ ملک مقیم پاکستانی پاسپورٹ، شناختی کارڈ، فیملی رجسٹریشن اور دیگر اہم معاملات بآسانی مکمل کر سکیں گے، جس سے ان کے وقت اور وسائل کی بچت ممکن ہو گی۔نادرا حکام کا کہنا ہے کہ مستقبل میں مزید ممالک اور شہروں میں کاؤنٹرز کے قیام پر بھی کام جاری ہے تاکہ دنیا بھر میں موجود پاکستانی کمیونٹی کو سہولت فراہم کی جا سکے۔