تھائی وزیراعظم کا ہنگامی معاشی اقدامات متعارف کرانے کا اعلان

پیر 29 ستمبر 2025 12:51

بنکاک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2025ء) تھائی لینڈ کے نئے وزیراعظم انوتن چارنویراکل نے اہم معاشی پالیسی کے تحت ہنگامی اقدامات اور مستحق افراد کیلئے کو ۔پےمنٹ سکیم متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔رائٹرز کے مطابق تھائی وزیراعظم انوتن چارنویراکل نے پیر کو پارلیمنٹ میں اپنی حکومت کا پالیسی ایجنڈا پیش کرتے ہوئے جنوب مشرقی ایشیا کی دوسری بڑی معیشت کو بحال کرنے کے لیے فوری اقدامات پر زور دیا ۔

وزیر اعظم کی پالیسیوں میں زندگی کے اخراجات کم کرنے، گھریلو قرضوں سے نمٹنے اور ملکی سیاحت کو فروغ دینے جیسے اقدامات شامل ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہمیں فوری طور پر درپیش چیلنجوں پر قابو پانا ہوگا۔ انوتن چارنویراکل کے اعلان کردہ اہم معاشی اقدامات کے مطابق ایک لاکھ بھات (3103 ڈالر) تک کے مقروض افراد کی مدد کی جائے گی اور چھوٹے کاروباروں کے لیے 10 لاکھ بھات تک کی لیکویڈیٹی فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

حکومت نے 47 ار ب بھات(1.46 ارب ڈالر) کی کو پے منٹ اسکیم متعارف کرانے کا اعلان کیا جس کے تحت مستحق شہریوں کو خوراک اور صارفین کی مخصوص اشیاء کی قیمت کا 60 فیصد حکومت برداشت کرے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ دیگر ترجیحات میں کمبوڈیا کے ساتھ تنازع کا پرامن حل، غیر قانونی جوا بازی پر قابو پانا اور جدید وارننگ سسٹمز کے ذریعے آفات کی تیاری کو بہتر بنانا شامل ہیں۔