فیصل آباد،کاشتکاروں کو سرخ مرچ کی منظور شدہ اقسام گولا پشاوری اور ٹاٹا پوری کاشت کرنے کی ہدایت

پیر 29 ستمبر 2025 15:06

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2025ء) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو سرخ مرچ کی بہتر پیداوار کے لئے منظور شدہ اقسام گولا پشاوری اور ٹاٹا پوری کاشت کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ترجمان نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت فیصل آباد نے بتایا ہے کہ پنجاب کے وسطی علاقوں میں مرچ کی نرسری کا بہترین وقت کاشت اکتوبر کے آخر سے نومبر کا پہلا ہفتہ اور پنجاب کے جنوبی و مغربی علاقوں میں سبز مرچ کے لئے بہترین وقت کاشت اکتوبر ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرخ مرچ کی کاشت کے لئے بہاولپور، رحیم یار خان، بہاولنگر، اوکاڑہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے اضلاع بہترین جبکہ سبز مرچ کے لئے چنیوٹ، گوجرانوالہ، قصور اور شیخوپورہ موزوں علاقے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار بیج کے حصول کے لئے رکھے جانے والے پودوں کو شروع سے نشان لگائیں اور جوپودے آخر تک صحتمند رہیں اور پیداواری لحاظ سے بھی دوسرے پودوں سے بہتر ہوں ان کو آئندہ فصل کے بیج کے لئے استعمال کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بیج کے لئے پھل کو اچھی طرح سرخ ہونے کے بعد توڑیں اور پھل کو خشک کرنے کے بعد مناسب جگہ پرسٹور کریں۔انہوں نے کہاکہ ایک سے سوا مرلہ نرسری ایک ایکڑ کے لئے کافی ہوتی ہے تاہم پنیری اگانے والی جگہ عام کھیت سے اونچی ہونی چاہیے تاکہ بارش کا فالتو پانی آسانی سے نکالا جا سکے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکارپنیری کاشت کرنے سے پہلے 20سے 25 کلوگرام گوبر کی گلی سڑی کھاد فی مرلہ ڈال کر ایک پاؤ یوریا کا چھٹہ دے کرزمین میں اچھی طرح کسی سے ملا کر پانی لگائیں اور وتر آنے پر زمین کو اچھی طرح تیار کر کے چھوڑ دیں۔انہوں نے کہاکہ جڑی بوٹیاں اگنے کے بعد دوبارہ گوڈی کرتے ہوئے زمین کو ہموار کر لیاجائے تاکہ اچھی پیداوار کاحصول ممکن ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :