رواں سال55 لاکھ ایکڑپر دھان کی کاشت سے54 لاکھ میٹرک ٹن پیداوار کا تخمینہ ہے،محکمہ زراعت

پیر 29 ستمبر 2025 16:29

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2025ء) فیصل آباد ڈویژن سمیت صوبہ پنجاب میں امسال 55 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے پر دھان کی فصل کاشت ہوئی جس سے54 لاکھ میٹرک ٹن پیداوارحاصل ہونے کا تخمینہ ہے ۔ یہ بات ترجمان نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت نے کہی۔ انہوں نے کہا کہ امسال دھان کی برآمد سے 3 ارب ڈالرزمبادلہ کا حصول بھی ممکن ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر کاشتکاروں کی فلاح اور ان کی پیداواری لاگت میں کمی لانے کے لئے ترجیحی اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ اہم فصلوں کے پیداواری اہداف کا حصول ممکن ہو سکے۔انہوں نے بتایا کہ امسال کپاس کی بہتر پیداوار کے لئے محکمہ زراعت کی خصوصی ٹیمیں کاشتکاروں کے شانہ بشانہ ہیں اور امسال کپاس کی مجموعی پیداوار کا تخمینہ گزشتہ سال کی نسبت دوگنا حاصل ہونے کی توقع ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امسال پنجاب بھر میں فوڈ سکیورٹی کا حصول یقینی بنانے کے لئے گندم کی کاشت کے لئے خصوصی مہم چلائی جائے گی جس کے تحت کاشتکاروں کو سبسڈی پر گندم کی منتخب منظور شدہ اقسام کا بیج اور فنی رہنمائی فراہم کی جائے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ زراعت زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوارکرنے کے لئے مختلف منصوبوں پر عملدرآمد کر رہاہے جس سے زرعی شعبے میں ویلیو ایڈیشن کی جائے گی اورمستقبل میں اہم فصلوں کی ویلیو چین میں بہتری لا کر کثیرزرمبادلہ کا حصول ممکن ہو سکے گا۔