یونیورسٹی آف سرگودھا اور آئی ٹی سیکٹر کی نجی کمپنی کیو بی ایس کراچی کے مابین باہمی تعاون کا معاہدہ طے پا گیا

پیر 29 ستمبر 2025 23:22

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2025ء) یونیورسٹی آف سرگودھا اور آئی ٹی سیکٹر سے وابستہ نجی کمپنی کیو بی ایس کراچی کے مابین تحقیقی تعاون، جدت اور ابھرتے ہوئے شعبوں میں استعداد کار بڑھانے کے لیے باہمی تعاون کا معاہدہ طے پا گیا۔ معاہدہ پر یونیورسٹی آف سرگودھا کے ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکیجز پروفیسر ڈاکٹر اعجاز اصغر بھٹی اور کیو بی ایس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فراز احمد نے دستخط کیے۔

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس اور دونوں اداروں کے اہم عہدیدار بھی موجود تھے۔اس معاہدے کا مقصد تحقیق، ترقی اور کمرشلائزیشن کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔ ایم او یو میں طلبہ کی رہنمائی، استعداد کار میں اضافہ، انٹرن شپس، کیریئر کے مواقع اور پی ایچ ڈی و پوسٹ گریجویٹ ریسرچ کے لیے مالی و تعلیمی معاونت شامل ہے، جن میں انڈسٹریل پی ایچ ڈیز، ایم ایس تھیسس، فائنل یئر اور کیپ سٹون پروجیکٹس شامل ہیں۔

(جاری ہے)

مزید برآں معاہدے کے تحت ریسرچ ایسوسی ایٹس کی تعیناتی، اساتذہ کے لیے اعزازیہ، طلبہ و اساتذہ کی سٹارٹ اپس کی حوصلہ افزائی اور مصنوعی ذہانت، سائبر سکیورٹی، ڈیٹا سائنس، روبوٹکس، آئی او ٹی، یو اے ویز اور آئی سی ڈیزائن جیسے جدید شعبوں میں مشترکہ اقدامات کے ساتھ ساتھ کیو بی ایس کے عملے کے لیے زبان کی تربیت اورسرٹیفیکیشنز فراہم کرنے کا اعادہ کیا گیا ہے۔

دستخطی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ مضبوط انڈسٹری اکیڈیمیا اشتراک ہی عصری چیلنجز سے نمٹنے اور طلبہ کو تیزی سے بدلتے ہوئے ٹیکنالوجی کے میدان میں درکار مہارتوں سے آراستہ کرنے کا مؤثر ذریعہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اشتراک نہ صرف اطلاقی تحقیق کو فروغ دیتے ہیں بلکہ طلبہ کے لیے روزگار اور کاروباری مواقع بھی بڑھاتے ہیں۔