پنجاب سوشل سکیورٹی کے زیرِ اہتمام رحمت للعالمین انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں شعور و آگاہی پروگرام کا انعقاد

پیر 29 ستمبر 2025 21:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 ستمبر2025ء) ورلڈ ہارٹ ڈے کے موقع پر پنجاب سوشل سکیورٹی کی جانب سے رحمت للعالمین انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں شعور و آگاہی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں محنت کشوں اور ان کے اہل خانہ کے لیے خصوصی آگاہی سیشنز رکھے گئے۔ کمشنر سوشل سکیورٹی محمد علی کی ہدایت پر منعقدہ اس تقریب میں ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر فرید چوہدری اور دیگر ماہر ڈاکٹروں نے دل کی بیماریوں کی وجوہات اور ان سے بچائو کی تدابیر پر لیکچرز دیے اور شرکاء کو صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کی تلقین کی۔

(جاری ہے)

ہسپتال ایم ایس ڈاکٹر فرید چوہدری نے بتایا کہ رحمت للعالمین انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی جدید سہولیات سے آراستہ ہے جبکہ جان ہاپکنز کے اشتراک سے 100 بستروں پر مشتمل جدید ہسپتال قائم کیا جا رہا ہے جہاں دل کے امراض کے علاج کے لیے عالمی معیار کی ٹیکنالوجی اور سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سوشل سکیورٹی ہسپتال محنت کش طبقے اور ان کے اہل خانہ کو بہترین علاج معالجہ مہیا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ پروگرام کے شرکاء نے بھی ورلڈ ہارٹ ڈے کے موقع پر دل کی حفاظت کے عزم کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ بروقت احتیاط اور شعور کے ذریعے دل کی بیماریوں سے محفوظ زندگی ممکن ہے۔