Live Updates

علی ظفر کے پوچھنے پر عمران خان نے واضح الفاظ میں کہا کہ خیبرپختونخوا میں وزراء کو تبدیل کرنا ان کا فیصلہ نہیں

میرے بھائی اور شہرام خان ترکئی کے بھائی نے استعفیٰ دینے سے پہلے ہم سے مشاورت کی تھی، ہم عمران خان کے ساتھ وزارتوں کیلئے نہیں کھڑے ہیں۔ رہنماء پی ٹی آئی اسد قیصر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 2 اکتوبر 2025 20:00

علی ظفر کے پوچھنے پر عمران خان نے واضح الفاظ میں کہا کہ خیبرپختونخوا ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 02 اکتوبر 2025ء ) مرکزی رہنماء پی ٹی آئی اسد قیصر نے کہا ہے کہ علی ظفر کے پوچھنے پر عمران خان نے واضح الفاظ میں کہا کہ خیبرپختونخوا میں وزراء کو تبدیل کرنا ان کا فیصلہ نہیں۔ اسد قیصر کے ایکس اکاؤنٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ میرے بھائی اور شہرام خان ترکئی کے بھائی نے استعفیٰ دینے سے پہلے ہم سے مشاورت کی کہ ہم اس ماحول میں مزید کام جاری نہیں رکھ سکتے۔

میں ایک بات واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ہم عمران خان کے ساتھ ایک نظریے اور ویژن پر ہیں، یہ کابینہ اور وزارتیں ہمارے لیے کوئی اہمیت نہیں رکھتیں۔ میں نے سینیٹرعلی ظفر سے درخواست کی کہ وہ عمران خان سے ملاقات میں پوچھیں کہ کیا خیبر پختونخوا میں وزراء کو تبدیل کرنا اُن کا فیصلہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے پوچھا اور عمران خان نے واضح الفاظ میں کہا کہ نہ یہ میرا فیصلہ ہے اور نہ اس میں میری کوئی دلچسپی ہے۔

سیکرٹری جنرل تحریک تحفظ آئین پاکستان اسد قیصر نے فلسطین اور غذا کے حوالے سے حکومت پاکستان کے جعلی وزیراعظم کے کیے جانے والے اقدامات ، آزاد کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال ، خیبر پختون خواہ میں جاری غیر قانونی فوجی آپریشن، پاکستان کے کسانوں کی حالت زار اور پاکستان کی معیشت کے حوالے سے کی جانے والی ہنگامی پریس کانفرنس۔ اس سے قبل اسد قیصر نے کہا کہ میں ’’Samud Ghaza Flotilla ‘‘ کے 40 جہازوں پر، جن میں سینیٹر مشتاق احمد خان سمیت 44 ممالک کے 450 سے زائد امدادی کارکن سوار تھے، اسرائیلی افواج کے بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔

اللّٰہ تعالیٰ سے دعا گو ہوں اور امید کرتا ہوں کہ وہ تمام افراد جو اسرائیلی افواج کے ہاتھوں غیر قانونی طور پر گرفتار کیے گئے ہیں، محفوظ رہیں۔ ہم ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں اور حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ ان کی رہائی کے لیے بھرپور کردار ادا کرے۔ ان تمام افراد کا واحد جرم یہ تھا کہ وہ بے سہارا فلسطینی عوام کے لیے امداد لے جا رہے تھے۔

 
یاد رہے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوبائی وزراء عاقب اللّٰہ اور فیصل ترکئی کے استعفے منظور کر لیے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے ترجمان کے مطابق وزیرِ اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے عاقب اللّٰہ اور فیصل ترکئی سے استعفے مانگے تھے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبر پختون خوا کابینہ کے 2 وزراء فیصل ترکئی اور عاقب اللّٰہ نے اپنی وزارتوں سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور دونوں وزراء کی کارکردگی سے مطمئن نہیں تھے اور ان کی وزارتیں تبدیل کرنا چاہتے تھے۔وزیرِ اعلیٰ نے جب انہیں بتایا تو دونوں نے اپنے استعفے علی امین گنڈاپور کو ارسال کر دیے، جس کے بعد تحریکِ انصاف حکومت میں ایک مرتبہ پھر اختلافات اور گروپ بندی میں شدت آ گئی۔صوبائی وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم فیصل خان ترکئی نے اپنے استعفے میں کہا ہے کہ وزیرِ تعلیم کی حیثیت سے میں نے اپنے قائد عمران خان کے ویڑن کے مطابق شفافیت، میرٹ اور کارکردگی کو یقینی بنانے کی بھرپور کوشش کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات