صحافیوں کو ہراساں نہ کریں ،بانی پی ٹی آئی فوری طور پر سینئر صحافی اعجاز احمد سے معذرت کریں ، صدر این پی سی

پیر 29 ستمبر 2025 22:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2025ء) نیشنل پریس کلب(این پی سی) اسلام آباد کے صدر اظہر جتوئی، قائم مقام صدر احتشام الحق،سیکرٹری نیئر علی اور فنانس سیکرٹری وقار عباسی نے سینئر صحافی اعجاز احمد کے خلاف پی ٹی آئی کے بانی کے نامناسب رویہ اور کارکنان کی جانب سے دی جانے والے دھمکیوں کی شدید مذمت کی ہے۔پیر کو جاری مذمتی بیان میں این پی سی کی منتخب قیادت نے اس واقعہ کو آزادی اظہار رائے پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک صحافی کی رائے یا رپورٹنگ سے اختلاف کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ سیاسی قیادت یا ان کے کارکنان اخلاقی حدود پار کرتے ہوئےمیڈیا کو نشانہ بنانا شروع کر دیں۔

این پی سی کی قیادت نےمطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی فوری طور پر سینئر صحافی اعجاز احمد سے معذرت کریں اورپی ٹی آئی قیادت اپنے کارکنان کو واضح ہدایات دے کہ وہ صحافیوں کو ہراساں نہ کریں اورایسی مہمات سے خود کو الگ کریں ورنہ نتائج کی تمام تر ذمہ داری خود ان پر اوپر عائد ہو گی۔

(جاری ہے)

این پی سی کی قیادت نے واضح کیا کہ اگر معذرت نہ کی گئی اور ہراسانی کا سلسلہ بند نہ ہوا توپی ٹی آئی کی تمام پریس کانفرنسز سے واک آؤٹ، بائیکاٹ اور دیگر احتجاجی اقدامات کئے جائیں گے۔ صحافی برادری اپنی آزادی، عزت اور وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔