ڈپٹی کمشنر لاہور کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم بارے اجلاس

منگل 30 ستمبر 2025 12:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، سی ای او ہیلتھ، سی او ایجوکیشن، عالمی ادارہ صحت کے نمائندگان اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران شریک ہوئے۔ضلعی انتظامیہ کےمطابق اجلاس میں سی ای او ہیلتھ نے انسداد پولیو مہم کے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آئندہ مہم کے دوران لاہور کے 20 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچا ئوکے قطرے پلائے جائیں گے۔

مہم 13 اکتوبر سے شروع ہو کر سات روز تک جاری رہے گی۔ضلعی انتظامیہ نے انسداد پولیو مہم کے لیے 7 ہزار سے زائد ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں جبکہ لاہور کی 122 یونین کونسلز میں خصوصی توجہ کے ساتھ آپریشن کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ شہر کی 20 اہم شاہراہوں پر ٹرانزٹ پوائنٹس بھی قائم کیے جائیں گے تاکہ کوئی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہے۔ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام ادارے انسداد پولیو مہم میں ایک ٹیم کے طور پر کام کر رہے ہیں اور یہ ہماری مشترکہ قومی ذمہ داری ہے کہ ہر بچے تک ویکسین پہنچائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ وائرس کی ترسیل روکنے کے لیے انتہائی حساس نگرانی کو یقینی بنایا جائے اور معیاری مہم کے ذریعے بچوں میں قوتِ مدافعت کو مزید مضبوط کیا جا رہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے کہا کہ ہمارے فرنٹ لائن ورکرز بچوں کی ویکسی نیشن کے لیے پرعزم ہیں اور ہم سب کو اپنے بچوں کے مستقبل کے تحفظ کے لیے قومی فریضہ سمجھ کر کام کرنا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :