بابا گورونانک کا 556واں جنم دن ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب کی جانب سے تیاریاں عروج پر

منگل 30 ستمبر 2025 12:57

بابا گورونانک کا 556واں جنم دن ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب کی جانب سے تیاریاں ..
ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2025ء)بابا گورونانک کا 556 واں جنم دن ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب کی جانب سے تیاریاں عروج پر ہیں۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر رائو نے گوردوارہ جنم استھان کے اطراف کا دورہ کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو رائے ذوالفقار علی ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شاہد کھوکھر، سی ای او ضلع کونسل عامر اختر سمیت دیگر افسران بھی ہمراہ تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے گوردوارہ جنم استھان کے انٹری اور ایگزیٹ پوائنٹس سمیت رہائشی کمروں کا جائزہ لیا۔انہوں نے گوردوارہ جات کے اطراف میں تیزی سے جاری تزئین و آرائش کے کام کا جائزہ لیا ، ڈی سی نے مرکزی جلوس کے روٹس کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام گوردوارہ جات اور جلوس کے روٹس پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا عمل جاری ہے ، تمام گوردوارہ جات اور ننکانہ سٹی کے بازاروں کو رنگ و روغن کے ساتھ ساتھ لائٹنگ سے سجایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اداروں کی کارکردگی جانچنے کے لیے موک ایکسرسائز کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سکھ یاتریوں کی رہائش ، کھانے ، سکیورٹی سمیت تمام تر انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سکھ یاتریوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے فول پروف سیکورٹی انتظامات کیے جا رہے ہیں ، دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کے لیے نیشنل لیول کے انتظامات یقینی بنائیں گے۔

متعلقہ عنوان :