برطانیہ کی درجنوں ایرانی شخصیات اور اداروں پر پابندیاں عائد

منگل 30 ستمبر 2025 16:36

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2025ء)برطانوی حکومت نے درجنوں ایرانی شخصیات اور اداروں پر پابندیاں عائد کر دیں۔ یہ اقدام اقوام متحدہ اور یورپی یونین کی جانب سے اٹھائے گئے ایسے ہی اقدامات کے بعد کیا گیا ہے جن کا مقصد ایران کو اپنے جوہری پروگرام کو جاری رکھنے سے روکنا ہے۔عرب ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق برطانوی وزارت خزانہ نے ایک بیان میں کہا ہیکہ نئی پابندیوں میں ایران کے جوہری پروگرام سے منسلک متعدد افراد اور اداروں کو شامل کیا گیا ہے جن میں ایران کی وزارتِ توانائی اور وزارتِ تیل بھی شامل ہیں۔

بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ برطانوی حکومت نے ایران مخالف اقدامات کے تحت 9 افراد اور 62 اداروں پر پابندیاں عائد کی ہیں۔ان پابندیوں میں ایسے افراد کے فنڈز اور اقتصادی وسائل کو منجمد کرنا شامل ہے جو ایران میں یا اس کے استعمال کے لئے جوہری ہتھیاروں کے پھیلا یا ترقی میں شریک ہیں یا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

یا کسی ایسی سرگرمی جو ایران میں یا اس کے استعمال کے لئے جوہری ہتھیاروں کی ترقی کا باعث بن سکتی ہے میں شریک رہے ہیں۔

برطانوی پابندیوں کی زد میں آنے والوں کو اب اثاثے منجمد کرنے، مالی پابندیوں اور سفری پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایران پر دوبارہ پابندیاں عائد کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے جس میں یہ الزامات لگائے گئے ہیں کہ ایران نے 2015 کے اس معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے جس کا مقصد تہران کو جوہری بم بنانے سے روکنا تھا۔دوسری جانب ایران جوہری ہتھیاروں کے حصول کی تردید کرتا ہے۔