امریکی شہر ڈلاس میں میکسیکن شہری کی ہلاکت، صدر کلاؤڈیا شینباؤم کا امریکی حکام سے مکمل تحقیقات کا مطالبہ

بدھ 1 اکتوبر 2025 08:50

میکسیکو سٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2025ء) میکسیکو کی صدر کلاؤڈیا شینباؤم نے امریکی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امریکی ڈلاس میں واقع امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای ) کے مرکز پر ہونے والے فائرنگ کے واقعے میں میکسیکن شہری کی ہلاکت کی مکمل اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرے۔شنہوا کے مطابق انہوں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ میکسیکو نے اس واقعے کی مکمل تحقیقات کے لیے امریکی حکام کو کئی سفارتی مراسلے ارسال کیے ہیں۔

ہم اس افسوسناک واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔فائرنگ کے زخمیوں میں شامل 32 سالہ گارشیا ہرنینڈز منگل کے روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ وہ 24 ستمبر کو پیش آئے اس واقعے کے بعد کئی روز سے نازک حالت میں اسپتال میں زیرعلاج تھے۔

(جاری ہے)

لیگ آف یونائیٹڈ لیٹن امریکن سٹیزنز نے ان کی موت کی تصدیق کی۔صدر شینباؤم نے کہا کہ میکسیکن حکومت متاثرہ خاندان کو مالی اور قانونی معاونت فراہم کر رہی ہے، اور متاثرہ کی والدہ کے امریکا پہنچنے کے تمام انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔

ہرنینڈز گزشتہ 20 برس سے امریکا میں مقیم تھے، جہاں وہ اپنی بیوی اسٹیفنی گوفرنی اور بچوں کی کفالت کے لیے محنت مزدوری کرتے تھے۔ حال ہی میں انہوں نے اپنی پہلی ذاتی رہائش بھی خریدی تھی۔امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق، حملہ آور کی شناخت 29 سالہ جاشوا جان کے طور پر ہوئی ہے، جس نے ICE مرکز کے قریب واقع عمارت کی چھت سے فائرنگ کی اور بعدازاں خودکشی کر لی۔