بوئنگ نے 737 میکس کی جگہ نیا طیارہ تیار کرنے کے منصوبے پر کام شروع کر دیا

بدھ 1 اکتوبر 2025 11:33

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2025ء) امریکی ایوی ایشن کمپنی بوئنگ نے اپنے موجودہ ماڈل 737 میکس کی جگہ لینے کے لیے ایک نیا تنگ باڈی اور سنگل آئل (single-aisle)طیارہ تیار کرنے کے منصوبے پر کام شروع کر دیا ہے۔ ترک میڈیا کے مطابق یہ بات وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ میں سامنے آئی ہے۔رپورٹ کے مطابق نیا ماڈل ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اور اس کی تیاری کے لیے فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن ( کی منظوری درکار ہوگی۔

بوئنگ کے سی ای او کیلی اورٹبرگ نے کمپنی کے کمرشل ایئرکرافٹ بزنس کے لیے ایک نئے پروڈکٹ چیف کو تعینات کیا ہے جو 737 میکس کی جگہ نئے طیارے کی تیاری کی نگرانی کریں گے۔رواں سال فروری میں اورٹبرگ نے برطانیہ میں رولز رائس کے سی ای او توفان ایرگن بیلجک سے ملاقات کی تھی جس میں نئے طیارے کے انجن کی فراہمی پر بات چیت کی گئی۔

(جاری ہے)

ستمبر میں ایرگن بیلجک نے ایک انویسٹر ایونٹ میں کہا کہ یہ نیا ماڈل کمپنی کے مستقبل کی سمت کا تعین کرے گا۔

بوئنگ نے کہا ہے کہ فی الحال اس کی توجہ 6 ہزار کمرشل طیاروں کی بیک لاگ ڈلیوری اور سرٹیفکیشن پر مرکوز ہے لیکن مارکیٹ پر نظر رکھتے ہوئے کمپنی نئے ماڈل کے لیے تیار ہے۔کمپنی کے مطابق نیا طیارہ کم از کم 15 فیصد ایندھن کی بچت فراہم کرے گا اور اس میں نئی انجن ٹیکنالوجی، ہلکی ساخت اور فیوزلاژ میں بڑی تبدیلیاں شامل ہوں گی، منصوبے پر اربوں ڈالر لاگت آنے کا امکان ہے۔

737 میکس کی تیاری کو ماضی میں حادثات نے متاثر کیا۔ اکتوبر 2018 اور مارچ 2019 میں ہونے والے دو فضائی حادثات میں 346 افراد ہلاک ہوئے، جس کے بعد دنیا بھر میں یہ ماڈل گراؤنڈ کر دیا گیا تھا۔دسمبر 2024 میں 737-800 کے حادثے نے، جو جنوبی کوریا کی ایوی ایشن تاریخ کا بدترین سانحہ ہے، کمپنی کی ساکھ کو مزید نقصان پہنچایا۔بوئنگ نے ان حادثات کے بعد اپنی سینئر مینجمنٹ اور حفاظتی اقدامات میں تبدیلیاں کی ہیں اور اب یورپی حریف کمپنی ایئربس کے مقابلے میں کھویا ہوا مارکیٹ شیئر دوبارہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔