غیرقانونی مویشی باڑوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 63 گائیں ضبط، 9 باڑے مسمار

بدھ 1 اکتوبر 2025 11:41

غیرقانونی  مویشی باڑوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 63 گائیں ضبط، 9 باڑے مسمار
سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2025ء) میونسپل کارپوریشن اور پیرا فورس کی مشترکہ ٹیم نے غیرقانونی مویشی باڑوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 63 گائیں ضبط کر کے 9 باڑے مسمار کر دیئے ۔ آپریشن کی قیادت میونسپل آفیسر ریگولیشن زویا بلوچ کر رہی ہیں۔گزشتہ دو دن کے دوران بلاک نمبر 15،16شوکت حیات کالونی، ملت آباد اور اسلام پورہ ریلوے لائن کے ساتھ مختلف مقامات پر کارروائیاں کی گئیں۔

ان کارروائیوں میں 63 گائیں ضبط کی گئیں جبکہ 9 باڑے مکمل طور پر مسمار کر دیے گئے۔ اس موقع پر ایم او آر زویا بلوچ نے کہا کہ شہری علاقوں میں مویشی پالنا نہ صرف صفائی کے نظام کو متاثر کرتا ہے بلکہ سیوریج کی صورتحال کو بھی بگاڑ دیتا ہے۔ باڑوں سے پیدا ہونے والا فضلہ بیماریوں کے پھیلاؤ اور ماحولیاتی آلودگی کا باعث بنتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بارہا تنبیہ کی جا چکی ہے کہ وہ مویشی رکھنے کے لیے دیہاتی یا مخصوص مقامات کا انتخاب کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ یہ کریک ڈاؤن کمشنر سرگودہا کی ہدایت پر شہر کے تمام علاقوں میں یکساں طور پر جاری رہے گا اور کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ زویا بلوچ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ سے تعاون کریں تاکہ شہر میں صفائی اور بہتر ماحول کو یقینی بنایاجا سکے۔

متعلقہ عنوان :