روس نے ایران کے خلاف اقوامِ متحدہ کی پابندیوں کی بحالی کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا

جمعرات 2 اکتوبر 2025 13:16

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2025ء) روس نے کہا ہے کہ وہ ایران کے خلاف اقوامِ متحدہ کی پابندیوں کی بحالی کو تسلیم نہیں کرتا۔ برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یہ بات اقوام متحدہ میں روس کےسفیر واسیلی نیبینزیا نے گزشتہ روز روس کی جانب سے اکتوبر کے مہینے کے لیے سلامتی کونسل کی صدارت کے آغاز کے موقع پر پریس کانفرنس کے دوران کہی۔

(جاری ہے)

اقوامِ متحدہ نے ہفتہ کی شام ایران پر اس کے جوہری پروگرام کے باعث اسلحہ کی پابندی سمیت دیگر پابندیاں بحال کر دیں۔ یہ اقدام یورپی طاقتوں کی جانب سے ایک طریقہ کار جسے ’’سنیپ بیک‘‘کہا جاتا ہے ، کے تحت شروع کیا گیا تھا۔ ایران نے خبردار کیا ہے کہ اس اقدام کا سخت جواب دیا جائے گا۔ روسی سفیر نے کہا کہ ہم پابندیوں کو نافذ العمل تسلیم نہیں کرتے۔ روسی سفیر نے کہا کہ ہم دو متوازی حقیقتوں میں رہیں گے کیونکہ کچھ ممالک کے لیے سنیپ بیک نافذ ہو چکا ہے لیکن ہمارے لیے یہ نہیں ہوا۔ یہ ایک مسئلہ پیدا کرتا ہے۔ اب ہم اس سے کیسے نکلیں گے، یہ دیکھنا باقی ہے۔