امریکہ میں رن وے پر دو مسافر طیارے آپس میں ٹکرا گئے

مسافروں اور عملے کو فوری طور پر بسوں کے ذریعے واپس ٹرمینل پہنچا دیا گیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 2 اکتوبر 2025 13:23

امریکہ میں رن وے پر دو مسافر طیارے  آپس میں ٹکرا گئے
نیو یارک ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 اکتوبر2025ء ) امریکہ میں رن وے پر دو مسافر طیارے آپس میں ٹکرا گئے، یہ واقعہ نیویارک کے لاگوارڈیا ایئرپورٹ پر پیش آیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیلٹا ایئر لائنز کے دو ریجنل طیارے رَن وے پر آپس میں ٹکرائے، رونوک، ورجینیا کے لیے روانہ ہونے والی اندیور ایئر کی فلائٹ کا پر دوسری فلائٹ سے ٹکرا گیا جس نے شارلٹ نارتھ کیرولائنا سے پہنچ کر لینڈ کیا تھا، اس تصادم کے نتیجے میں ایک طیارے کا فرنٹ بری طرح متاثر ہوا اور دوسرے کا ونگ ٹوٹ گیا، حادثے کے بعد مسافروں اور عملے کو فوری طور پر بسوں کے ذریعے واپس ٹرمینل پہنچا دیا گیا، ایک مسافر نے بتایا کہ ہم شارلٹ سے لینڈ کرنے کے بعد گیٹ کی طرف جا رہے تھے کہ اس دوران ایک اور ڈیلٹا ریجنل جیٹ آ کر ہمارے طیارے سے ٹکرا گیا۔

(جاری ہے)

ایئرلائنز ترجمان کا کہنا ہے کہ ہم اپنے تمام صارفین اور عملے کی حفاظت کو سب سے مقدم رکھتے ہیں، اس افسوسناک واقعے پر ہم معذرت خواہ ہیں اور تمام مسافروں کی دیکھ بھال کے لیے ہر ممکن قدم اٹھا رہے ہیں، ایک فلائٹ میں 28 اور دوسری فلائٹ میں 57 مسافر سوار تھے، سب کو خوراک اور مشروبات فراہم کیے گئے جنہیں رات گزارنے کے لیے ہوٹل اور دوبارہ پرواز کے لیے ری بُکنگ کی سہولت بھی میسر ہوگی۔

اس حوالے سے مزید یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس واقعے کے نتیجے میں لاگوارڈیا ایئرپورٹ کی پروازیں یا دیگر آپریشنز متاثر نہیں ہوئے، متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر حادثے کی وجوہات کا جائزہ لیا جائے گا، فضائی سفر کی نگرانی، قوانین سازی اور حفاظت کرنے والے ادارے، نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (NTSB) اور دیگر اداروں کے ساتھ مل کر واقعے کی مکمل تفتیش کی جائے گی۔                        

متعلقہ عنوان :