سندھ ہائیکورٹ،کنٹونمنٹ بورڈ ملیر کے مکینوں سے کے ایم سی کی جانب سے بجلی کے بل میں میونسپل ٹیکس کی وصولی ،سی ای او ملیر کنٹونمنٹ آئندہ سماعت پر طلب

جمعرات 2 اکتوبر 2025 17:08

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2025ء) سندھ ہائیکورٹ نے کنٹونمنٹ بورڈ ملیر کے مکینوں سے کے ایم سی کی جانب سے بجلی کے بل میں میونسپل ٹیکس وصولی سے متعلق درخواست پرسی ای او ملیر کنٹونمنٹ کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیاجبکہ کے ایم سی سے بھی آئندہ سماعت پر جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 3 ہفتوں تک ملتوی کردی۔جمعرات کو سندھ ہائیکورٹ میں کنٹونمنٹ بورڈ ملیر کے مکینوں سے کے ایم سی کی جانب سے بجلی کے بل میں میونسپل ٹیکس وصولی سے متعلق رہائشی خاتون کے بجلی کے بل میں میونسپل ٹیکس کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔

درخواستگزار کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ ملیر کنٹونمنٹ بورڈ پہلے ہی کنزرونسی ٹیکس وصول کررہا ہے۔ کے ایم سی کی جانب نے بجلی کے بل میں میونسپل چارجز بھی شامل کردیئے ہیں۔

(جاری ہے)

بیک وقت دو ادارے میونسپل ٹیکس وصول کررہے ہیں۔ کنٹونمنٹ علاقوں سے کے ایم سی میونسپل ٹیکس وصول نہیں کرسکتا۔ کنٹونمنٹ بورڈ کے ایم سی کے مقابلے میں زائد ٹیکس وصول کررہا ہے۔ کے ایم سی اور کے الیکٹرک کو کنٹونمنٹ علاقوں سے میونسپل ٹیکس کی وصولی سے روکا جائے۔ کنٹونمنٹ بورڈ کو کے ایم سی کے مساوی ٹیکس کی کٹوتی کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے سی ای او ملیر کنٹونمنٹ کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔ عدالت نے کے ایم سی سے بھی آئندہ سماعت پر جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 3 ہفتوں تک ملتوی کردی۔