’بلیک میل کرکے شادی پر مجبور کیا‘ فیروزخان کی انسٹا سٹوری نے نیا تنازعہ کھڑا کردیا

اداکار کا اکاؤنٹ ہیک ہونے کا دعویٰ، ان کی اہلیہ کی طرف سے تاحال کسی قسم کو کوئی باضابطہ ردعمل نہیں آیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 2 اکتوبر 2025 15:34

’بلیک میل کرکے شادی پر مجبور کیا‘ فیروزخان کی انسٹا سٹوری نے نیا تنازعہ ..
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 اکتوبر2025ء ) اداکار فیروزخان کی انسٹا سٹوری نے نیا تنازعہ کھڑا کردیا جس کے بعد انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کا اکاؤنٹ ہیک ہوگیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق معروف اداکار فیروز خان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک متنازعہ سٹوری شیئر کی گئی جس میں دوسری اہلیہ ڈاکٹر زینب کو ٹیگ کرتے ہوئے سنجیدہ نوعیت کے الزامات عائد کیے گئے، یہ سٹوری بعد میں ڈیلیٹ ہوگئی تاہم اس سے پہلے ہی اس کے سکرین شاٹس تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکے تھے۔

مذکورہ انسٹا سٹوری میں دعویٰ کیا گیا کہ ’زبردستی اور دباؤ ڈال کر اس رشتے میں رکھا گیا، والدہ اور بہن کے ساتھ نا انصافی کے بعد یہ رشتہ میرے لیے ختم ہوچکا، مجھ پر دباؤ ڈالا جارہا تھا کہ اپنی والدہ اور بچوں کا ساتھ نہ دوں ورنہ مجھ پر جھوٹے الزامات عائد کیے جائیں گے‘، اس سٹوری میں فیروز خان کی دوسری اہلیہ کو ٹیگ کرتے ہوئے یہ بھی لکھا گیا کہ ’گھر واپس مت آنا، شکریہ‘۔

(جاری ہے)

سٹوری میں مزید کہا گیا کہ ’یہ سب اس لیے شیئر کر رہا ہوں کیوں کہ سب کو کسی نہ کسی وقت مدد کی ضرورت پڑتی ہے اور مجھے یقین ہے میرے چاہنے والے مجھ پر اعتماد کریں گے، ہمیشہ پروجیکٹس میں مہذب رویہ اختیار کرتا رہا ہوں، کبھی کسی کو ناراض نہیں کیا اور مجھے یہ خوف نہیں کہ لوگ مجھے پہچانیں گے یا نہیں، میں اس وقت ماہر نفسیات سے علاج کروا رہا ہوں اور دوائیاں بھی لے رہا ہوں، تاہم اصل دکھ یہ ہے کہ کوئی شخص مجھے اپنے ہی لوگوں کی نظروں میں برا ظاہر کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور نقصان پہنچانے پر تلا ہوا ہے‘۔

بتایا جارہا ہے کہ جب یہ سٹوری تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو اس کے چند ہی گھنٹوں بعد اس کو ڈیلیٹ کردیا گیا اور فیروز خان کے اسی اکاؤنٹ سے وضاحت دیتے ہوئے کہا گیا کہ ’اکاؤنٹ ہیک کرلیا گیا تھا‘، تاہم ابھی تک اس معاملے پر اداکار فیروز خان کی اہلیہ ڈاکٹر زینب کی طرف سے تاحال کسی بھی قسم کو کوئی باضابطہ ردعمل نہیں دیا گیا۔