افغانستان میں دو دن کے مکمل بلیک آٹ کے بعد موبائل فون سروس اورانٹرنیٹ بحال

جمعرات 2 اکتوبر 2025 16:09

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2025ء) افغانستان میں دو دن کے مکمل بلیک آٹ کے بعد بدھ کی شام ملک بھر میں موبائل فون سروس اور انٹرنیٹ بحال کر دیے گئے۔طالبان حکومت نے بغیر کسی پیشگی اعلان کے پیر کی شب پورے ملک میں ٹیلی کمیونی کیشن بند کر دی تھی، جس سے کاروبار، تعلیمی سرگرمیاں اور عوامی رابطے منجمد ہو گئے تھے۔رپورٹس کے مطابق سگنلز اور وائی فائی کابل سمیت قندھار، خوست، غزنی اور ہرات میں دوبارہ بحال ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انٹرنیٹ کی واپسی پر عوام بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے، گاڑیوں کے ہارن بجائے، مٹھائیاں اور غبارے خریدے اور خوشی کا اظہار کیا۔مقامی شہریوں کا کہنا تھا کہ شہر دوبارہ زندہ ہوگیا ہے۔یہ پہلا موقع ہے کہ طالبان حکومت نے 2021 کے بعد پورے ملک میں ٹیلی کمیونی کیشن معطل کی۔ انٹرنیٹ مانیٹرنگ ادارے نیٹ بلاکس نے بتایا کہ بلیک آئوٹ جان بوجھ کر کنکشن منقطع کرنی کا نتیجہ تھا۔اقوام متحدہ نے اس بندش کو افغانستان کو دنیا سے کاٹنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے فوری بحالی کا مطالبہ کیا تھا۔