جنرل ہسپتال میں ’’لیڈرشپ اِن ہیلتھ کیئر‘‘کے موضوع پر بین الاقوامی ورکشاپ کا انعقاد

جمعرات 2 اکتوبر 2025 17:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2025ء)پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج اور پی جی ایم آئی پروفیسر فاروق افضل نے کہا ہے کہ ترقی یافتہ ملکوں کی میڈیکل یونیورسٹیز اور اداروں سے منسلک میڈیکل ایکسپرٹس کے ساتھ انٹر ایکشن، باہمی تبادلہ خیالات اور اشتراک عمل سے نوجوان ڈاکٹرز کی تعلیم و تربیت پر بہت گہرے مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں جو با صلاحیت ہیلتھ پروفیشنلز تیار کرنے کیلئے نا گزیر ہے،صحت کے نظام میں بہتری لانے کے لیے قائدانہ صلاحیتوں کا فروغ وقت کی ضرورت ہے کیونکہ ایک با صلاحیت لیڈر نہ صرف اپنی ٹیم کو بہتر طریقے سے لیڈ کر سکتا ہے بلکہ ادارے کی مجموعی کارکردگی پر بھی مثبت اثر ڈالتا ہے۔

انہوں نے یہ بات لاہور جنرل ہسپتال میں فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ’’لیڈرشپ اِن ہیلتھ کیئر‘‘کے عنوان سے ایک روزہ بین الاقوامی ورکشاپ کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

جس کا مقصد شعبہ صحت سے وابستہ پیشہ ور افراد میں قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ دینا اور انہیں جدید تنظیمی اور انتظامی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار کرنا تھا۔ورکشاپ میں قومی و بین الاقوامی ماہرین نے خصوصی لیکچرز دئیے۔

پروفیسر ڈاکٹر محمد فاروق افضل نے ہیلتھ کیئر میں قیادت اور سسٹم تھنکنگ پر روشنی ڈالی، جبکہ پروفیسر ڈاکٹر سمیر قاضی (سی ایم ایچ) نے خود احتسابی اور ذاتی بہتری کے اصولوں پر مبنی سیشن منعقد کیا۔بین الاقوامی ماہرین پروفیسر ڈاکٹر فیصل عزیز اور پروفیسر ڈاکٹر عارف آصف (امریکہ) نے بذریعہ Zoom شرکت کرتے ہوئے موثر ٹیم لیڈرشپ، جدید قائدانہ تکنیکوں اور عالمی تجربات پر مشتمل لیکچرز دیے۔

جبکہ ورکشاپ میں گروپ ڈسکشنز کا مقصد قائدانہ سوچ کو اجاگر کرنا اور باہمی تعاون کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کرنا تھا۔اس موقع پر منتظمین کا کہنا تھا کہ اس ورکشاپ کا مقصد صحت کے شعبے میں کام کرنے والے ماہرین کی پیشہ ورانہ ترقی اور استعدادِ کار میں اضافہ کرنا ہے، تاکہ وہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق مریضوں کو اعلیٰ معیار کی طبی سہولیات فراہم کر سکیں۔میڈیا سے گفتگو میں پروفیسر فاروق افضل کا کہنا تھا کہ ایسی ورکشاپ ہمارے فیکلٹی ممبران اور ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کے لیے ایک اہم قدم ہے تاکہ وہ عالمی معیار کے مطابق خود کو تیار کر سکیں۔پی جی ایم آئی / امیرالدین میڈیکل کالج اور جنرل ہسپتال ہمیشہ معیاری طبّی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے فروغ کے لیے کوشاں رہیں گے۔