ًڈپٹی کمشنر استامحمد رزاق خان خجک کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے حوالے سے اہم اجلاس

جمعرات 2 اکتوبر 2025 19:40

اوستہ محمد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اکتوبر2025ء) ڈپٹی کمشنر استامحمد رزاق خان خجک کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر امیر علی، ڈبلیو ایچ او کے نمائندگان اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران 13 اکتوبر سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کی تیاریوں، مانیٹرنگ اور فیلڈ میں درپیش چیلنجز پر تفصیلی غور کیا گیا اور اب تک کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر استامحمد رزاق خان خجک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اس سلسلے میں والدین اپنے بچوں کو لازمی طور پر پولیو سے بچاو کے قطرے پلائیں تاکہ انہیں عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رکھا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے محکمہ صحت کے افسران اور پولیو ورکرز کو ہدایت کی کہ مہم کے دوران کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، ہر بچے تک رسائی یقینی بنائی جائے اور تمام ٹیمیں اپنی کارکردگی کو موثر اور مربوط انداز میں جاری رکھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پولیو جیسے موذی مرض کے مکمل خاتمے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور اس نیک مقصد کے حصول کے لئے ضلعی انتظامیہ، صحت کے اداروں اور سماجی تنظیموں کو باہمی تعاون اور ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنا ہوگا تاکہ آنے والی نسل کو پولیو سے پاک مستقبل فراہم کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :