فیصل آباد فیڈمک انڈسٹریل زون میں سوشل سکیورٹی بنیادی مرکز صحت قائم

جمعرات 2 اکتوبر 2025 20:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2025ء) پنجاب سوشل سکیورٹی نے فیصل آباد کے معروف انڈسٹریل زون فیڈمک میں محنت کشوں اور ان کے اہل خانہ کے لیے علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنے کی غرض سے بنیادی مرکز صحت قائم کر دیا ہے۔ باضابطہ افتتاح کمشنر سوشل سکیورٹی محمد علی نے کیا،افتتاحی تقریب میں میڈیکل ایڈوائزر ڈاکٹر حمیرا بزدار، فیڈمک کے سی ای او میاں جمیل احمد، فرخ بشیر اور سوشل سکیورٹی میڈیکل اسٹاف کی کثیر تعداد شریک تھی۔

مرکز صحت فیڈمک انڈسٹریل زون نے تعمیر کروایا ہے۔ جہاں سوشل سکیورٹی کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف اپنے فرائض انجام دیں گے۔فیڈمک انڈسٹریل زون میں 200 سے زائد صنعتی یونٹس قائم ہیں جہاں 15 ہزار سے زائد محنت کش کام کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان محنت کشوں اور ان کے اہل خانہ کو ایکسرے، لیبارٹری، ادویات اور دیگر علاج معالجے کی سہولیات اب ان کی دہلیز کے قریب دستیاب ہوں گی۔

مزید برآں انہوں نے سوشل سکیورٹی ہسپتال مدینہ ٹائو ن فیصل آباد کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایم این سی ایچ کے 100 بیڈز پر مشتمل ہسپتال کو مدینہ ٹائو ن منتقل اور پرانی عمارت کی جگہ نئی عمارت تعمیر کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال کی شام کی او پی ڈی میں مریضوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ محمد علی نےکہا کہ فیصل آباد شہر میں سوشل سکیورٹی کے دو بڑے ہسپتال محنت کشوں اور ان کے اہل خانہ کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کر رہے ہیں۔ پنجاب سوشل سکیورٹی محنت کشوں کو معیاری طبی سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم اور اس مقصد کے تحت ہسپتالوں کی ری ویمپنگ اور جدید طبی آلات کی خریداری جاری ہے۔