ماحولیاتی آلودگی کے مسئلہ سے نمٹنےکے لیے حکومت بھرپور اقدامات کر رہی ہے، پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات پنجاب

جمعرات 2 اکتوبر 2025 21:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2025ء) پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب شازیہ رضوان نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی آج کے دور کا سنگین مسئلہ ہے جس سے نمٹنے کے لیے حکومت بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ پلاسٹک بیگز، بوتلوں اور دیگر اشیائے صرف پر پابندی اسی سلسلے کی کڑی ہے کیونکہ یہ اشیاء نہ صرف ماحولیاتی توازن کو بگاڑ رہی ہیں بلکہ ڈرینج سسٹم کی تباہ حالی اور انسانی صحت کے لیے بھی سنگین خطرہ ہیں۔

عوام کو بھی چاہیے کہ حکومتی پالیسیوں کا ساتھ دیتے ہوئے ماحول کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے عوام سے خصوصی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ شاپنگ بیگز اور پلاسٹک کی بوتلوں کے استعمال سے گریز کریں کیونکہ ان کے استعمال سے آلودگی بڑھتی ہے اور ماحول خراب ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

ہمیں چاہیے کہ ایسی اشیاء کا استعمال ترک کریں تاکہ اپنے ماحول کو صاف ستھرا اور صحت مند بنا سکیں وہ محکمہ تحفظ ماحولیات پنجاب کے زیر اہتمام گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ڈھوک حسو میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہی تھیں۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات اور دیگر افسران کے علاوہ طالبات کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ شازیہ رضوان نے کہا کہ آنے والی نسلوں کو صحت مند ماحول فراہم کرنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ماحولیاتی مسائل کے حل کے لیے عوامی شعور و آگاہی پیدا کرنا وقت کی ضرورت ہے کیونکہ حکومت کے اقدامات اس وقت تک بارآور نہیں ہو سکتے جب تک عوام ان پر عملدرآمد میں اپنا کردار ادا نہ کریں۔

بعد ازاں ایم این اے طاہرہ اورنگزیب کی ہدایت پر شازیہ رضوان نے پی پی 16 خیابان سرسید میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں سی او ہیلتھ ڈاکٹر احسان غنی، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شازیہ، دیگر محکموں کے افسران اور چیئرمین یو سی 16 شریک ہوئے۔ اس موقع پر شازیہ رضوان نے متعلقہ محکموں کے سربراہان کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پارکس اور تفریحی مقامات کی حالت بہتر بنائی جائے، صفائی ستھرائی کے نظام کو موثر بنایا جائے اور ڈینگی کے تدارک کے لیے تمام تر وسائل استعمال کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت، لوکل گورنمنٹ اور دیگر ادارے مل کر مربوط حکمت عملی کے ساتھ ڈینگی کے خاتمے کے لیے اقدامات کریں کیونکہ عوام کی صحت اور سہولت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ شازیہ رضوان نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر بھرپور توجہ دے رہی ہے اور افسران پر لازم ہے کہ ان پالیسیوں کو مؤثر انداز میں نافذ کریں تاکہ عوام حقیقی معنوں میں ریلیف محسوس کر سکیں۔