محکمے ترقیاتی منصوبوں اور عوامی سہولیات کی فراہمی کو مقررہ وقت میں مکمل کریں، کمشنر راولپنڈی

جمعرات 2 اکتوبر 2025 21:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2025ء) کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نے ڈویژنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ تمام محکمے آپسی روابط کے ساتھ ترقیاتی منصوبوں اور عوامی سہولیات کی فراہمی کو مقررہ وقت میں مکمل کریں۔ کمشنر آفس میں منعقدہ اس اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن سید نذارت علی، ڈی جی پی ایچ اے، ڈائریکٹر ہیلتھ و دیگر متعلقہ محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔

کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اٹک میں نیسپاک بیوٹیفیکیشن سکیمز کی فزیبلٹی اور تکنیکی امور کو جلد حتمی شکل دی جائے اور چند روز میں ٹینڈر کا اجراء یقینی بنایا جائے تاکہ منصوبوں پر بروقت عملدرآمد کیا جا سکے۔ انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ ریونیو ریکارڈ اور سروس بکس کی مکمل اپ ڈیٹ اور ڈیجیٹلائزیشن فوری طور پر مکمل کی جائے تاکہ عوام کو شفاف اور جدید سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

(جاری ہے)

کمشنرنے اسسٹنٹ کمشنر سٹی اور کینٹ کو ہدایت کی کہ مری روڈ کے دونوں اطراف پودوں کی افزائش اور شجرکاری کی مانیٹرنگ کریں اور گرین بیلٹ کی مزید خوبصورتی کے لئے جامع پلان ترتیب دیں تاکہ شہر کی فضائی آلودگی میں کمی اور شہریوں کو خوشگوار ماحول میسر آ سکے۔ کمشنر راولپنڈی نےآر ڈبلیو ایم سی کو ہدایت کی گئی کہ صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے اور کچرا تلفی کے جدید طریقوں کو اپنایا جائے۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں، صفائی کے انتظامات، شجرکاری مہم اور ریونیو ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن پر تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ بیوٹیفیکیشن سکیمز کو جلد از جلد شروع کیا جائے تاکہ بروقت تکمیل کے بعد اہل علاقہ کو خوشگوار ماحول فراہم کیا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :