ڈپٹی کمشنر خضدار سے کاروباری وفد کی ملاقات، تجارت اور روزگار کے مواقع کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال

جمعرات 2 اکتوبر 2025 21:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2025ء) ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی سے ان کے دفتر میں معروف کاروباری شخصیت حاجی غلام حسین کرد اور انجمن تاجران خضدار کے صدر حافظ حمیداللہ مینگل نے ملاقات کی۔ ملاقات کا بنیادی مقصد خضدار کی تجارتی صلاحیت کو اجاگر کرتے ہوئے تجارت اور روزگار کے مواقع کو وسعت دینے کے لیے حکومتی تعاون حاصل کرنا تھا۔

تاجروں نے مقامی معاشی امکانات پر روشنی ڈالی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے تجاویز پیش کیں، جس پر ڈپٹی کمشنر نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا۔حاجی غلام حسین کرد نے کہا کہ خضدار ایک اہم جنکشن کی حیثیت رکھتا ہے، جو قومی شاہراہ پر واقع ہونے کی وجہ سے کاروباری سرگرمیوں کے لیے مثالی مقام ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ شہر کی قدرتی خوبصورتی اور وسائل کی فراوانی سے تجارت کو مزید فروغ مل سکتا ہے، جبکہ مقامی افراد کے لیے روزگار کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

(جاری ہے)

صدر انجمن تاجران حافظ حمیداللہ مینگل نے تجویز پیش کی کہ حکومت مقامی نوجوانوں کے لیے ہنر مندی کے پروگرام شروع کرے تاکہ وہ تجارت اور چھوٹے کاروباروں میں خود کفیل ہو سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکس مراعات اور کاروباری قرضوں کی سہولت سے چھوٹے تاجر اپنے کاروبار کو وسعت دے سکتے ہیں۔ڈپٹی کمشنر یاسر اقبال دشتی نے تاجروں کی تجاویز کو غور سے سنا اور یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ کاروباری برادری کے ساتھ مل کر متعلق غور کریگی جس سے خضدار کی تجاتی صلاحیت کو بھرپور طریقے سے استعمال کیاجاسکے۔

انہوں نے کہا کہ شہر کے وسائل اور مواقع کو بروئے کار لا کر معاشی ترقی کو یقینی بنایا جائے گا۔ ملاقات کے اختتام پر حاجی غلام حسین اور حافظ حمیداللہ مینگل نے ڈپٹی کمشنر کے تعاون پر شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ ملاقاتیں باقاعدگی سے جاری رہیں گی تاکہ خضدار کی معاشی ترقی کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے جا سکیں۔

متعلقہ عنوان :