ڈینگی کے خاتمے کے لئے عوامی تعاون ناگزیر ہے،چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ سیالکوٹ

جمعہ 3 اکتوبر 2025 15:30

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اکتوبر2025ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ سیالکوٹ ڈاکٹر محمد اسلم چوہدری نے کہا ہے کہ ڈینگی ایک جان لیوا وائرس ہے جو مچھروں کی افزائش سے پھیلتا ہے اور انسانی جانوں کے لیے شدید خطرہ بن سکتا ہے۔ ڈینگی کی روک تھام اور عوامی سطح پر شعور اجاگر کرنے کے لیے ضلعی محکمہ صحت کی جانب سے آگاہی مہم کے تحت منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہم کے دوران شہریوں کو ڈینگی کے خطرات اور اس سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا جا رہا ہے تاکہ پھیلاؤ کو بروقت روکا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے خاتمے کے لئے عوامی تعاون ناگزیر ہے۔ اگر ہر شہری اپنے گھر اور گلی محلے کو صاف ستھرا رکھے اور پانی کو جمع نہ ہونے دے تو ڈینگی کو باآسانی شکست دی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ ڈینگی لاروا زیادہ تر صاف پانی میں پروان چڑھتا ہے اس لیے گھروں کی چھتوں، پانی کی ٹینکیوں، پرانے برتنوں، ٹائرں اور کھلے برتنوں میں پانی ہرگز جمع نہ ہونے دیا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ صحت کی ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر سرویلنس، سپرے اور فوگنگ کر رہی ہیں تاکہ ڈینگی کے ممکنہ پھیلائو کو روکا جا سکے۔ تعلیمی اداروں، مساجد اور عوامی مقامات پر آگاہی پروگرام جاری ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کر سکیں۔ میڈیا، خصوصاً الیکٹرانک ، پرنٹ ، سوشل میڈیا کے ذریعے بھی پیغامات دیئے جارہے ہیں۔

انہوں نے والدین، اساتذہ اور کمیونٹی لیڈرز پر زور دیا کہ وہ عوام میں شعور اجاگر کرنے میں محکمہ صحت کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی صرف ایک فرد یا خاندان کا مسئلہ نہیں بلکہ پوری سوسائٹی کا چیلنج ہے جس سے نمٹنے کے لئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ عوام کے تعاون کے بغیر یہ جنگ ممکن نہیں لیکن اگر ہر شخص اپنی ذمہ داری پوری کرے تو ڈینگی کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکتا ہے۔تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زند گی سے تعلق رکھنے والے نمائندگان، اساتذہ، طلبہ اور شہریوں نے شرکت کی۔