Live Updates

ریسکیو 1122 ملتان نے ستمبر میں مجموعی طور پر29,721 افراد کو مدد فراہم کی،ترجمان

جمعہ 3 اکتوبر 2025 16:00

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اکتوبر2025ء) ریسکیو 1122 ملتان نے ستمبر کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی ۔ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق ریسکیو 1122 ملتان نے ستمبر میں مجموعی طور پر 10,224 ایمرجنسیز پر ریسپانس کرتے ہوئے 29,721 افراد کو مدد فراہم کی جن میں 6,199 میڈیکل ایمرجنسیز،2,523 ٹریفک حادثات، 250 کرائم ایمرجنسیز،4ڈوبنے کے واقعات، 12 عما رت گرنے ، 57 آگ لگنے کے واقعات اور 872 متفرق ایمرجنسیز شامل تھیں۔

مذکورہ ایمرجنسیز میں بڑی تعداد کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ درجنوں افراد کو مزید علاج معالجہ کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ریسکیو1122 ملتان نے 150 کلو میٹر کے ایریا میں دریائے چناب اوردریائے ستلج میں آنے والے سیلاب میں دن رات کام کیا،سیلاب کے آنے سے پہلے ممکنہ طور پر لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا اور دوران سیلاب بھی ملتان، شجاع آباد اور جلالپور پیروالہ میں ہزاروں افراد کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا اور سیلابی پانی کم ہونے پر لوگوں کو کشتیوں کے ذریعے ان کے گھروں میں ٹرانسپورٹیشن اور خوراک فراہم کی گئی۔

(جاری ہے)

ریسکیو 1122 ملتان کے 600 سے زائد اہلکاروں نے 201 کشتیوں کے ذریعے خدمات سرانجام دیں اور اس دوران جلالپور پیروالہ سے 24,942 افراد اور 5,114 جانوروں ،ملتان سے 9,304 افراد اور 2,998 جانور وں جبکہ شجاع آباد سے 5,348 افراد اور 900 جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔مجموعی طور پر 39,594 افراد اور 9,012 جانوروں کو ریسکیو کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے لئے ریسکیو 1122 ہمہ وقت تیار ہے، ہماری اولین ترجیح شہریوں کو بروقت اور معیاری ایمرجنسی سروس فراہم کرنا ہے لہٰذا شہری ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف ایمرجنسی کی صورت میں 1122 ڈائل کریں، غیر ضروری کالز سے اجتناب کریں اور ٹریفک قوانین خصوصاً ہیلمٹ کے استعمال اور تیز رفتاری سے پرہیز کو یقینی بنائیں۔

Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات