ملتان سٹی ٹریفک پولیس نے ستمبر 2025 کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی

جمعہ 3 اکتوبر 2025 18:40

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اکتوبر2025ء) ملتان سٹی ٹریفک پولیس نے ستمبر 2025 کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی۔ رپورٹ کے مطابق ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر گزشتہ ماہ 47 ہزار سے زائد چالان کیے گئے، جن کے نتیجے میں ڈرائیوران پر مجموعی طور پر 2 کروڑ 27 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے۔

(جاری ہے)

اعداد و شمار کے مطابق اوور سپیڈنگ پر 657 ڈرائیوروں کو جرمانہ کیا گیا، کالے شیشوں اور بلیک پیپر کے استعمال پر ایک ہزار سے زائد چالان کیے گئے، بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والے 8 ہزار 509 ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی جبکہ بغیر رجسٹریشن گاڑی چلانے پر 5 ہزار 609 چالان کیے گئے۔

اسی طرح ہیلمٹ نہ پہننے پر 2 ہزار 849 موٹر سائیکل سواروں کو جرمانہ کیا گیا جبکہ ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کے استعمال پر 2 ہزار سے زائد شہریوں کے چالان کیے گئے۔سی ٹی او ملتان محمد کاشف اسلم نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ٹریفک قوانین شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے بنائے گئے ہیں، ان پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس شہریوں کے محفوظ سفر کے لیے ہر وقت کوشاں ہے۔