1صوبائی لائبریری کے مختلف کیٹگریز میں بھرتیوں کے حالیہ اشتہار میں جنوبی پشتونخوا کے اضلاع کو یکسر نظرانداز کرنا قابل مذمت ہے، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی

جمعہ 3 اکتوبر 2025 18:45

~کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اکتوبر2025ء) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے صوبائی لائبریری کے مختلف کیٹگریز میں بھرتیوں کے حالیہ اشتہار میں جنوبی پشتونخوا کے اضلاع کو یکسر نظرانداز کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے کھلی پشتون دشمنی قرار دیا ہے۔ بیان میں کہا ہے کہ مسلط کردہ صوبائی حکومت اور متعلقہ ادارے دانستہ طور پر پشتون نوجوانوں کے ساتھ امتیازی سلوک کررہے ہیں۔

صوبائی لائبریری کے اسامیوں بشمول اسسٹنٹ کیٹلاگر، جونئیر کلرک، کیٹلاگر، لائبریری اسسٹنٹ (میل و فیمیل) اور نائب قاصد میں ضلع پشین، قلعہ عبداللہ، چمن، ژوب، شیرانی، لورالائی، قلعہ سیف اللہ، زیارت، ہرنائی، موسی خیل اور ضلع سبی کو مکمل طور پر خارج کردیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ رویہ نہ صرف تعصب پر مبنی ہے بلکہ اس کے نتیجے میں جنوبی پشتونخوا کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کے حق پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ان اضلاع میں لائبریری کی خالی اسامیاں موجود ہیں جو محکمہ خزانہ کی ایس این ای میں باقاعدہ شامل بھی ہیں، مگر پی آر کیو نمبر 1022/02-09-2025 کے ذریعے جاری ہونے والے اشتہار میں ان اضلاع کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا۔ بیان میں واضح کیا کہ صوبے کی ستر فیصد پشتون آبادی کو مسلسل نظرانداز کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ موجودہ مسلط کردہ حکومت پشتون دشمن پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صرف محکمہ لائبریری ہی نہیں بلکہ محکمہ کھیل اور دیگر محکموں میں بھی پشتون اضلاع کو محروم رکھا جا رہا ہے، جو کہ پشتون نوجوانوں کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر بھرتیوں کے عمل میں جنوبی پشتونخوا کے اضلاع کو شامل کیا جائے اور پشتون نوجوانوں کو ان کا جائز حق دیا جائے، بصورت دیگر یہ زیادتی کے خلاف بھرپور احتجاج کریگی۔

متعلقہ عنوان :