آخری موقع ،امریکی صدر کی حماس کو دھمکی، معاہدہ قبول کرنے کیلئے اتوار تک کا الٹی میٹم

آخری موقع کے باوجود بھی معاہدہ طے نہیں پاتا تو حماس کے خلاف ایسا قیامت خیز طوفان ٹوٹ پڑے گا جو اس سے قبل کسی نے نہیں دیکھا ہو گا، ٹرمپ

جمعہ 3 اکتوبر 2025 22:00

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اکتوبر2025ء)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلسطین کی مزاحتمی تنظیم حماس کو دھمکی دیتے ہوئے غزہ معاہدہ قبول کرنے کیلئے اتوار کی شام 6 بجے تک کا الٹی میٹم دیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حماس کو اتوار کی شام تک غزہ منصوبے پر معاہدہ کرنے کی مہلت دیتے ہوئے اسے آخری موقع قرار دیا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ اتوار کی شام واشنگٹن کے مقامی وقت کے مطابق 6 بجے تک حماس کے ساتھ ایک معاہدہ طے پانا ضروری ہے۔انہوں نے لکھا کہ ہر ملک اس پر دستخط کر چکا ہے، اگر اس آخری موقع کے باوجود بھی معاہدہ طے نہیں پاتا تو حماس کے خلاف ایسا قیامت خیز طوفان ٹوٹ پڑے گا جو اس سے قبل کسی نے نہیں دیکھا ہو گا۔

(جاری ہے)

ٹروتھ سوشل پیغام میں ٹرمپ نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر معاہدہ نہ ہوا تو غزہ میں باقی ماندہ حماس کارکن پھنسے ہوئے ہیں اور انہیں نشانہ بنایا جائیگا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی صدر نے ساتھ ہی معصوم فلسطینیوں کو غزہ کے محفوظ علاقوں میں منتقل ہو جانے کا کہا تاہم ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ (محفوظ علاقی) کہاں ہیں۔واضح رہے کہ یکم اکتوبر کو قریبی ذرائع نے بتایا تھا کہ حماس اس تجویز کا جائزہ لے رہی ہے۔جب غیر ملکی میڈیا نے 2 اکتوبر کی رات حماس کے ایک عہدیدار سے پوچھا کہ کیا انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ منصوبے پر اپنا جواب تیار کر لیا ہے تو انہوں نے جواب دیا کہ ابھی نہیں، اس پر بحث جاری ہے۔